ایم کیو ایم رہنما عامر خان سینٹرل جیل کراچی سے رہا

ویب ڈیسک  منگل 30 جون 2015
عدالت نے گزشتہ روز عامر خان کی 10لاکھ روپے میں ضمانت منظورکی تھی فوٹو: فائل

عدالت نے گزشتہ روز عامر خان کی 10لاکھ روپے میں ضمانت منظورکی تھی فوٹو: فائل

 کراچی: انسداد دہشت گردی عدالت کی عدالت نے ضمانتی مچلکے پر اعتراض دور کئے جانے کے بعد ایم کیو ایم کے رہنما عامرخان کی رہائی کا حکم جاری کردیا جس کے بعد انہیں سینٹرل جیل سے رہا کردیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے عملے نے ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان کے ضمانتی مچلکوں پر اعتراض کرتے ہوئے ان کے وکیل کو مچلکوں کی دوبارہ تصدیق کی ہدایت کی تھی۔ عامر خان کے وکلا کی جانب سے مچلکوں کی دوبارہ تصدیق کے بعد عدالت نے ان کی رہائی کا حکم جاری کردیا جس کے بعد انہیں سینٹرل جیل کراچی سے رہا کردیا گیا جہاں رہائی کے بعد وہ پارٹی کے مرکز نائن زیرو پہنچے۔

سینٹرل جیل سے رہائی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے عامر خان کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم کے خلاف سازشوں کا آغاز کردیا گیا ہے، ایم کیو ایم پر طرح طرح کے الزامات لگائے گئے لیکن پارٹی نے ہر سازش کا مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کے سیکڑوں کارکن جیلوں میں ہیں جن پر بدترین تشدد کیا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین نے ہمیشہ پاکستان سے وفاداری کی ہے۔

واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے گزشتہ روز عامر خان کی 10لاکھ روپے مچلکوں کے عوض ضمانت منظورکی تھی تاہم عدالتی وقت ختم ہونے کے باعث ان کے رہائی کا حکم جاری نہیں ہوسکا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔