وزیراعظم سے آرمی چیف کی ملاقات، ملکی سلامتی کی صورت حال پر تبادلہ خیال

ویب ڈیسک  منگل 30 جون 2015
پاکستان نےعالمی سطح پر بھارت کا اصل چہرہ دکھانے کا فیصلہ کیا ہے، فوٹو: فائل

پاکستان نےعالمی سطح پر بھارت کا اصل چہرہ دکھانے کا فیصلہ کیا ہے، فوٹو: فائل

اسلام آباد: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وزیراعظم نواز شریف سے اہم ملاقات کی ہے جس میں ملک میں بھارتی مداخلت کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف سے اہم ملاقات کی، ملاقات کے دوران ملکی سلامتی کی صورت حال اور دہشت گردوں کےخلاف جاری آپریشن پرغور کیا گیا، اس موقع پر وطن عزیز میں بھارتی مداخلت کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

واضح رہے کہ سیکیورٹی اداروں کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں بھارت کی مداخلت، دہشت گردی کی معاونت سمیت اس کے سنگین جرائم میں ملوث ہونے کے ثبوت ملے ہیں۔ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کی مداخلت کے ثبوت کے ساتھ اب پاکستان نے  عالمی سطح پر بھارت کا اصل چہرہ دکھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔