بھارت میں ایڈمٹ کارڈ پر طالب علم کی جگہ کتے کی تصویر چھپ گئی

ویب ڈیسک  منگل 30 جون 2015
پولیس نے طالب علم کو حراست میں لے کر اس سے تفتیش شروع کردی ہے

پولیس نے طالب علم کو حراست میں لے کر اس سے تفتیش شروع کردی ہے

کلکتہ: بھارت میں ایک طالب علم کے ایڈ مٹ کارڈ پر اس کی جگہ کتے کی تصویر نکل آئی جس کے بعد پولیس نے طالب علم کو ہی حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مغربی بنگال کے شہر مدناپور میں ایک  طالب علم سومیادیپ ماہتو نے انڈسٹریل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں داخلہ ٹیسٹ کے لئے جب اپنا ایڈمٹ کارڈادارے کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کیا تو وہاں اس کی تصویر کی جگہ ایک کتے کی تصویر موجود تھی جس کے ساتھ اس کے گھر کا پتا اور اس کے مکمل کوائف بھی درج تھے۔ طالب علم نے فوری طور پر متعلقہ ادارے سے فون پر رابطہ کیا اور اپنی شکایت درج کرائی تاکہ اسے دوران امتحان کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

بعد ازاں مذکورہ امتحان پرچہ لیک آؤٹ ہونے کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا تاہم پولیس نے طالب علم کو حراست میں لے کر اس سے تفتیش شروع کردی ہے۔مغربی بنگال کے ٹیکنیکل اینڈ ٹریننگ ایجوکیشن کے وزیر اجل بسواس کا کہنا ہے کہ مذکورہ طالب علم سے تفتیش کی جارہی ہے تاکہ اصل حقائق کے بارے میں معلوم کیا جاسکے کیونکہ طلبا خود اپنے ہاتھوں سے فارم بھرتے ہیں اور اور اس میں تصویر بھی خود ہی چسپاں کرتے ہیں اگر اس حرکت میں طالب علم خود ہی ملوث پایا گیا تو اسے گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔