انوشکا حادثاتی طور پر پروڈیوسر بنی میرا ایسا کوئی ارادہ نہیں: کرینہ کپور

شوبز ڈیسک  بدھ 1 جولائی 2015
اداکاری سے محبت کرتی ہوں،کیمرے کے سامنے کام کرنا پسند ہے ، شوہر سے کبھی فلم میں کام دینے کا نہیں کہا فوٹو: فائل

اداکاری سے محبت کرتی ہوں،کیمرے کے سامنے کام کرنا پسند ہے ، شوہر سے کبھی فلم میں کام دینے کا نہیں کہا فوٹو: فائل

ممبئی: انوشکا شرما اور پریانکا چوپڑا کے پروڈیوسر بننے کے بعد بالی ووڈ میں لوگ مزید ہیروئنوں کے اس میدان میں آنے کا انتظار کررہے ہیں اور سب سے زیادہ کرینہ کپور کے متعلق سوچا جارہا ہے کہ چونکہ ان کے شوہر سیف علی خان کا اپنا پروڈکشن ہاؤس ہے اور وہ اداکاری کے ساتھ فلمیں پروڈیوس بھی کررہے ہیں اس لیے وہ پروڈکشن کے میدان میں قدم رکھ سکتی ہیں مگر کرینہ کپور نے کہا ہے کہ کبھی پروڈیوسر نہیں بنوں گی اور نہ ہی میرا ایسا کوئی ارادہ ہے کیونکہ میں فلمیں نہیں بناسکتی۔

کرینہ کپور کا کہنا تھا کہ انھیں اداکاری سے محبت ہے اور وہ کیمرے کے سامنے رہ کر کام کرنا ہی پسند کرتی ہیں ۔ میرے شوہر کااپنا پروڈکشن ہائوس ہے اس کے باوجود میرا پروڈکشن میں آنے کی کوئی ارادہ نہیں اور نہ ہی میں کبھی اس میدان میں قدم رکھوں گی۔ انوشکا شرما کے پروڈکشن کی طرف آنے کے سوال پر کرینہ کپور کا کہنا تھا کہ انوشکا شرما حادثاتی طور پر پروڈیوسر بنی ہے کیونکہ اسے کوئی فلم میں لینا نہیں چاہتا تھا جس پر اس نے خود کو فلم انڈسٹری میں ایک اداکارہ کے طور پر زندہ رکھنے کے لیے پروڈکشن کے میدان میں آنے کا فیصلہ کیا اور وہ اس میں کافی حد تک کامیاب بھی رہی ہے ۔

اپنے شوہر سیف علی خان کی پروڈکشن میں کام کرنے کے سوال پر کرینہ کا کہناتھاکہ میں نے کبھی انھیں اپنی فلم میں کاسٹ کرنے کا نہیں کہا اور نہ ہی میں یہ جانتی ہوں کہ وہ کونسی فلم پروڈیوس کررہے ہیں اور نہ ان سے کبھی اس کے متعلق پوچھا ہے جہاں تک ان کی فلم میں کام کرنے کی بات ہے تو اگر کوئی کردار میرے مطابق ہوا اور مجھے پسند آیاتو ضرور کروں گی مگر یہ کب ہوگا اس کے متعلق کچھ نہیں کہہ سکتی۔ اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ میری بالی ووڈ میں اپنی ایک پہچان ہے۔ میں ہر فلم میں اپنے طور پر بہترین پرفارم کرتی ہوں اور اپنا کام مکمل کرنے کے بعد اپنے اہلخانہ کے ساتھ وقت گزارتی ہوں ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔