پی سی بی اپنی لیگ فروری میں کرانے پر ڈٹ گیا

سلیم خالق  بدھ 1 جولائی 2015
بعض کاروباری شخصیات کوٹیمیں فروخت کرنے کی یقین دہانی کرادی گئی،ذرائع  فوٹو: فائل

بعض کاروباری شخصیات کوٹیمیں فروخت کرنے کی یقین دہانی کرادی گئی،ذرائع فوٹو: فائل

 کراچی: گراؤنڈز اور پلیئرز فارغ ہوں یا نہیں، پی سی بی اپنی لیگ فروری میں کرانے پر ڈٹ گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ انعقاد سے قبل ہی تنازعات کا شکار ہے، سب سے بڑا اعتراض ایونٹ کے ملک سے باہر انعقاد پر سامنے آیا، پی سی بی یو اے ای میں میچزکرانا چاہتا ہے، پہلے فروری 2016میں انعقاد کا اعلان کیا گیا، ایسے میں یہ حقائق سامنے آئے کہ اس وقت متحدہ عرب امارات کے تینوں سینٹرز سابق کرکٹرز کی ماسٹرز چیمپئنز لیگ کے میزبان ہونگے، فیوچر ٹور پروگرام کے تحت بھی اس عرصے میں صرف ویسٹ انڈین کھلاڑی ہی دستیاب ہوتے، یہ جاننے کے بعد چیئرمین شہریارخان نے اپریل میں انعقاد کی بات کر دی حالانکہ اس وقت آئی پی ایل کے میچز جاری ہونگے۔

ذرائع نے بتایا کہ کرکٹ کمیٹی میٹنگ کے دوران طے پایا کہ لیگ ہرصورت فروری میں ہی کرائی جائیگی، گوکہ یو اے ای میں  ہی میچز کرانے کا  ارادہ ہے لیکن اگر معاملات طے نہ ہو سکے تو وینیو تبدیل بھی کیا جا سکتا ہے، ماسٹرز لیگ 2ہفتے جاری رہے گی، ایسے میں پی سی بی کا ارادہ بقیہ وقت میں اپنا ایونٹ کرانے کا ہوگا۔

غیرملکی پلیئرز کی عدم دستیابی کا مسئلہ ٹیم سے باہر یا حال ہی میں ریٹائر ہونے والوں کو شامل کر کے حل کیا جائے گا۔ پی سی بی نے  فرنچائزز کی فروخت کیلیے اشتہار بھی تیار کرنے کا فیصلہ کر لیا جو ایک ہفتے میں ملکی و غیرملکی میڈیا کی زینت بن جائیگا۔ بعض حلقوں کا خیال ہے کہ بورڈ کے بعض اعلیٰ حکام نے پہلے ہی بعض کاروباری شخصیات کو ٹیمیں فروخت کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے، ایک ہی ادارے کو کئی ٹیمیں بھی دینے پر غور جاری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔