شلپا شیٹھی نے امریکی ٹی وی شو میں کام کی پیشکش ٹھکرا دی

شوبز ڈیسک  جمعرات 2 جولائی 2015
 ڈرامے میں کام کرنا چاہتی تھیں مگر شوٹنگ کے لیے درکار تاریخیں نہیں دے سکتی تھیں،ذرائع۔  فوٹو: فائل

ڈرامے میں کام کرنا چاہتی تھیں مگر شوٹنگ کے لیے درکار تاریخیں نہیں دے سکتی تھیں،ذرائع۔ فوٹو: فائل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹھی کندرا رایلٹی شو ’’بگ برادر۔5‘‘ سے برطانیہ کے تقریباًہر گھر میں اپنی پہچان بنا چکی ہیں۔ ان کی اسی مقبولیت کے باعث انھیں ایک اور ٹی وی ڈرامہ سیریل ’’دی رائلز‘‘ کی پیشکش ہوئی ہے مگر شلپا شیٹھی نے اس میں کام کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پروڈیوسرز نے اداکارہ سے مشہور ڈرامہ سیریل کے سلسلہ میں رابطہ کیا مگر انھوںنے وقت نہ ہونے کے باعث اس میں کام کرنے سے انکار کردیا۔ ذرائع کا کہناتھا کہ ڈرامہ کی ٹیم جولائی کے وسط سے شوٹنگ شروع کرنا چاہتی تھی جو 20 دنوں میں مکمل کی جانی تھی مگر شلپا پہلے ہی ان تاریخوں میں کسی اور کام کی شوٹنگ کے لیے حامی بھر چکی تھی جس کی وجہ سے ان کے لیے ’’دی رائلز‘‘ میں کام کرنا ممکن نہیں تھا۔

دریں اثنا بھارتی اخبار ’’ہندوستان ٹائمز‘‘ نے اس سلسلہ میں کہا ہے کہ شلپا شیٹھی کو ڈرامے کا اسکرپٹ بہت پسند آیا تھا اور ابتدا میں وہ اس میں کام کرنے کے لیے راضی بھی تھیں مگر انھوں نے یہ کہہ کر انکار کردیا کہ وہ ایک اور فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ دوسری طرف وہ خود اپنے بیٹے کی دیکھ بھال کرتی ہیں اس لیے ان کے لیے اسے چھوڑ کر بیرون ملک جانا ممکن نہیں ہے اور وہ ڈرامے کی شوٹنگ میں حصہ نہیں لے سکتیں۔ادھر ایک بھارتی شوبزویب سائٹ کے مطابق شلپا شیٹھی کے متعلق اطلاعات ہیں کہ وہ بالی ووڈ فلم ’’دی مین‘‘ میں اہم کردار نبھارہی ہیں۔

اس فلم کی ہدایات اداکار سنی دیول دیں گے جو اس سے قبل شلپا کے ساتھ تین فلموں ’’ہمت‘‘ ، ’’انڈین‘‘ اور ’’اپنے‘‘ میں ہیرو آچکے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق فلم ابھی پری پروڈکشن کے مراحل میں ہے اور اس کی شوٹنگ رواں برس کے آخر تک شروع کردی جائے گی جب کہ اسے اگلے برس سینماگھروں کی زینت بنایا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔