فیس بک کے بانی کو ’’انسانی سوچ‘‘ کے فارمولے کی تلاش

ویب ڈیسک  جمعرات 2 جولائی 2015
مجھے سب سے زیادہ دلچسپی انسانوں سے متعلق سوالات میں ہے، مارک زوکربرگ فوٹو: فائل

مجھے سب سے زیادہ دلچسپی انسانوں سے متعلق سوالات میں ہے، مارک زوکربرگ فوٹو: فائل

نیو یارک: سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک کے بانی مارک زوکربرگ نے کہا ہے کہ وہ اس سائنسی فارمولے کو سمجھنا چاہتے ہیں جس کے ذریعے یہ وضاحت کی جا سکے کہ لوگ آخر سوچتے کیسے ہیں۔

غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر مارک زوکربرگ نے ویب سائٹ صارفین کے مختلف سوالوں کے جواب دیئے، اس دوران عالمی شہرت یافتہ ماہر طبیعات اسٹیفن ہاکنگ کے استفسار پر انہوں نے کہا کہ ان کی سب سے زیادہ دلچسپی انسانوں سے متعلق سوالات میں ہے اور وہ یہ جاننے کےلیے بڑا تجسس رکھتے ہیں کہ کیا سائنس کا کوئی ایسا بنیادی قانون موجود ہے جس کی مدد سے انسانوں کے سماجی رشتوں کی وضاحت کی جاسکے اور جو یہ سمجھنے میں مدد دے سکے کہ کوئی انسان کسی دوسرے انسان یا چیز کو کیوں اور کیسے اہمیت دیتا ہے۔

فیس بک کے ایک صارف کی جانب سے جب مارک زوکربرگ سے خوشی کی تعریف پوچھی تو انہوں نے کہا کہ لوگ عام طور پر خوشی کو تفریح کے ساتھ ملا دیتے ہیں لیکن ان کے نزدیک وہ سب کچھ جس پر آپ کا یقین ہو، آپ وہ سب کچھ ایسے لوگوں کے ساتھ مل کر کریں، جنہیں آپ چاہتے ہوں، یہی خوشی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔