ون ڈے سیریز؛ جنید خان پر اخراج کی تلوار لٹکنے لگی

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 3 جولائی 2015
محمد حفیظ کا بائیومکینک ٹیسٹ 6جولائی کو ہوگا انھیں نتیجے کیلیے 2 ہفتے کا انتظار کرنا ہوگا۔  فوٹو : اے ایف پی

محمد حفیظ کا بائیومکینک ٹیسٹ 6جولائی کو ہوگا انھیں نتیجے کیلیے 2 ہفتے کا انتظار کرنا ہوگا۔ فوٹو : اے ایف پی

لاہور: سری لنکا سے ون ڈے سیریز کیلیے قومی ٹیم کا اعلان جمعے کو متوقع ہے، پیس بیٹری کو محمد عرفان سے تقویت دی جائے گی، وہاب ریاض کو فٹنس کی مکمل بحالی پر بعد میں روانہ کیا جاسکتا ہے۔

جنید خان پر اخراج کی تلوار لٹکنے لگی، اسپن کا شعبہ یاسر شاہ کی شمولیت سے مضبوط بنایا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق سری لنکا کیخلاف ون ڈے سیریز کا آغاز11 جولائی کو ہونا ہے، سلیکٹرز نے اسکواڈ کو حتمی شکل دے دی، فٹنس مسائل سے نجات کے بعد محمد عرفان واپسی کیلیے تیار ہیں، وہاب ریاض  فٹنس کی مکمل بحالی پر بعد میں دیگر کھلاڑیوں کو جوائن کرسکتے ہیں،پیسرز میں احسان عادل اور راحت علی بھی شامل ہونگے۔

محمد حفیظ کا بائیومکینک ٹیسٹ 6جولائی کو ہوگا، انھیں نتیجے کیلیے 2 ہفتے کا انتظار کرنا ہوگا، اس صورت میں آل راؤنڈر11 اور 15جولائی کو پہلے اور دوسرے ون ڈے میں بولنگ کرسکیں گے، البتہ دیگر کے بارے میں فیصلہ ٹیسٹ کے نتائج پر ہوگا، اسپن کا شعبہ یاسر شاہ کی شمولیت سے مضبوط کیا جائے گا، وہ ٹیسٹ سیریزکے دوران بھرپور فارم میں نظر آرہے ہیں۔

کیریبیئن لیگ میں رنز کے ڈھیر لگانے والے آل راؤنڈر شعیب ملک بھی سری لنکا میں ایک موثر اسپنر ثابت ہوتے رہے ہیں، زمبابوے کیخلاف سیریز میں پُر اعتماد اننگز کھیلنے والے بابر اعظم کی خدمات بھی ٹیم کو حاصل ہونگی، حارث سہیل کا خلا پُر کرنے کیلیے سیالکوٹ کے ہی ایک اور بیٹسمین مختار احمدکو موقع دینے کا امکان ہے، اظہر علی کی قیادت میں پہلی ہوم سیریز کھیلنے والے اسکواڈ میں شامل احمد شہزاد، اسد شفیق، محمد رضوان، سرفراز احمد، حماد اعظم، انور علی برقرار رہیں گے، جنید خان کو نظر انداز کیا جاسکتا ہے،صہیب مقصود کی فٹنس بھی ابھی مطلوبہ معیار تک نہیں پہنچ سکی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔