75 سالہ رفاقت کے بعد میاں بیوی کی ایک ساتھ مرنے کی خواہش پوری ہوگئی

ویب ڈیسک  جمعـء 3 جولائی 2015
جب خاتون کو اپنے شوہر کی وفات کا علم ہوا تو انہوں نے کہا کہ میں تم سے محبت کرتی ہوں اور جلد ہی تمہارے پاس آرہی ہوں۔ فائل تصویر

جب خاتون کو اپنے شوہر کی وفات کا علم ہوا تو انہوں نے کہا کہ میں تم سے محبت کرتی ہوں اور جلد ہی تمہارے پاس آرہی ہوں۔ فائل تصویر

سان تیاگو: ایک ساتھ جینے اور مرنے کے وعدے  تو سب ہی کرتے ہیں لیکن امریکا میں ایک جوڑے نے ایک ساتھ جی اور مر کر اپنی محبت کو لازوال کردیا۔ 75 سال ساتھ گزارنے کے بعد شوہر اور بیوی ایک دوسرے کا ہاتھ تھام کر چند گھنٹوں کے وقفے دنیا سے رخصت ہوگئے۔

امریکی ریاست سینڈیاگو میں رہائش پزیر 96 سالہ خاتون جینٹ ٹوزکو اور ان کے 95 سالہ شوہر الیگزینڈر ٹوزکو نے موت سے قبل انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ وہ ایک دوسرے کی آغوش میں یا ہاتھ تھام کر موت کو خوش آمدید کہیں گے۔ 75 سال تک دونوں نے خوشگوار زندگی گزاری لیکن چند ماہ قبل شوہر کے کولہے کی ہڈی ٹوٹ گئی جس کے نتیجے میں وہ چلنے پھرنے سے ہی قاصر ہوگئے۔ 17 جون کو ان کا انتقال ہوا تو ان کی بیٹی ایمی ٹوزکو نے اپنی والدہ کو ان کے شوہر کے انتقال سے آگاہ کیا تو وہ نیم غنودگی میں اپنے شوہر کی لاش سے لپٹ گئیں اور محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں بھی جلد ہی وہاں آرہی ہوں اور چند گھنٹوں بعد وہ بھی اس جہانِ فانی سے کوچ کرگئیں، ان کے قریب موجود نرس نے کہا کہ خاتون نے مرتے ہوئے اپنے شوہر کا ہاتھ تھام رکھا تھا۔

جینٹ ٹوزکو اور الیگزینڈر ٹوزکو کے درمیان بچپن میں ہی الفت کا ایک معصوم جذبہ پروان چڑھا اور ان دونوں کے خاندان پولینڈ سے نقل مکانی کرکے امریکا آئے تھے۔ موت سے کچھ لمحے قبل خاتون نے اپنے بچوں کو بار بار کہا کہ آج 29 جون ہے جب کہ تاریخ یہ نہیں تھی لیکن 29 جون کو ان کی شادی کی سالگرہ تھی جو انہیں کئی بار یاد آرہی تھی۔ اس پر تمام بچوں پوتیوں اور نواسیوں نے ان کا دل رکھنے کے لیے تاریخ کی تصدیق کردی اور مبارک باد دی تاہم خاتون کو مرنے سے قبل یاد تھا کہ ان کی شادی کو 75 برس ہوچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔