حصص مارکیٹ میں تیزی کا تسلسل، مزید270 پوائنٹس کا اضافہ

بزنس رپورٹر  ہفتہ 4 جولائی 2015
بینکنگ اور سیمنٹ سیکٹر میں خریداری لہر بڑھنے سے انڈیکس 35456 پوائنٹس کی بلندترین سطح پرپہنچ گیا۔  فوٹو : اے ایف پی

بینکنگ اور سیمنٹ سیکٹر میں خریداری لہر بڑھنے سے انڈیکس 35456 پوائنٹس کی بلندترین سطح پرپہنچ گیا۔ فوٹو : اے ایف پی

 کراچی: بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی پاکستانی معیشت کی نمو سے متعلق مثبت رپورٹ کے اجرا، بینکنگ اور سیمنٹ سیکٹر میں خریداری لہر بڑھنے کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کو بھی تیزی کا تسلسل قائم رہا جس سے ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈیکس35400 پوائنٹس سے بھی تجاوز کرگیا، تیزی کے سبب48.44 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید34 ارب57 کروڑ39 لاکھ38 ہزار74 روپے کا اضافہ ہوگیا۔

ماہرین اسٹاک وتاجران کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی اداروں کی ملکی معیشت میں بہتری سے متعلق رپورٹ کی وجہ سے خریداربینکنگ سیکٹر میں زیادہ متحرک نظر آئے جبکہ سیمنٹ فرٹیلائزراور شعبہ توانائی کی کمپنیوں میں بھی خریداری دلچسپی نظر آئی جس سے مارکیٹ کا گراف تیزی کی جانب گامزن رہا، ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر357.28 پوائنٹس تک کی تیزی رونما ہوئی لیکن پرافٹ ٹیکنگ کے سبب تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی ہوئی۔

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس269.79 پوائنٹس اضافے سے35456.35 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 190.79 پوائنٹس بڑھ کر 22313.47 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 377.70 پوائنٹس اضافے سے 59382.81 ہوگیا، کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 12.31 فیصد کم رہا،مجموعی طور پر35 کروڑ58 لاکھ 92 ہزارحصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ 353 کمپنیوںتک محدود رہا جن میں 171 کے بھاؤ میں اضافہ، 156 کے دام میں کمی اور26 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔