عمر اکمل کو دیوار سے لگانے کی روش برقرار

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 4 جولائی 2015
آف اسپنر اور مڈل آرڈر بیٹسمین بلال آصف ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی پرفارمنس کی بدولت پہلی بارقومی اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے۔ فوٹو: فائل

آف اسپنر اور مڈل آرڈر بیٹسمین بلال آصف ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی پرفارمنس کی بدولت پہلی بارقومی اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے۔ فوٹو: فائل

لاہور: نوجوان بیٹسمین عمر اکمل کو دیوار سے لگانے کی روش برقرار رہی، سلیکٹرز نے انھیں سری لنکا سے ون ڈے سیریز کیلیے16 رکنی قومی اسکواڈ میں جگہ دینے سے گریز کیا، مختار احمد کو زمبابوے کیخلاف ٹی ٹوئنٹی میچز میں عمدہ کارکردگی کا صلہ مل گیا، ڈومیسٹک کرکٹ کے عمدہ پرفارمر بلال آصف بھی سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے، پیسر محمد عرفان کا ساتھ احسان عادل اور راحت علی دینگے،وہاب ریاض فٹ ہوئے تو آخری 2میچز کیلیے بھجوانے کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔ جنید خان منتخب نہ ہو سکے۔

تفصیلات کے مطابق تاخیر کے بعد بالآخر سری لنکا کیخلاف ون ڈے سیریز کیلیے16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا، کیریبیئن لیگ کھیلنے کیلیے ویسٹ انڈیز میں موجود عمراکمل کو ایک بار پھر نظر اندازکردیا گیا، وہ کوچ کی ناراضی کے بعد سلیکٹرز کی گڈ بک میں بھی نہ ہونے کی سزا بھگت رہے ہیں، سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے حارث سہیل تو انجرڈ ہونے کی وجہ سے منتخب نہیں کیے گئے، مگر اسی شہر سے تعلق رکھنے والے مختار احمد کو زمبابوے کیخلاف دونوں ٹی ٹوئنٹی میچز میں عمدہ کارکردگی کے بعد ون ڈے ٹیم میں بھی شامل کرلیا گیا، آف اسپنر اور مڈل آرڈر بیٹسمین بلال آصف ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی پرفارمنس کی بدولت پہلی بارقومی اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے۔

سیالکوٹ کے ہی شعیب ملک کو بھی برقرار رکھا گیا ہے،ورلڈکپ کوارٹر فائنل کے بعد سے کسی انٹرنیشنل میچ میں حصہ نہ لینے والے طویل قامت پیسر محمد عرفان کو ایک اہم ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کیلیے سری لنکا بھیجا جا رہا ہے، وہاب ریاض کو فی الحال ٹیم کے ساتھ روانہ نہیں کیا جائے گا، اگر ضرورت محسوس ہوئی تو پیسر کو سیریز کے آخری 2 میچزکیلیے بھیجا جاسکتا ہے، محمد سمیع، جنید خان اور حماد اعظم سے سلیکٹرز کا اعتماد اٹھ گیا،طویل قامت فاسٹ بولر کا ساتھ دینے کیلیے راحت علی اور احسان عادل کو منتخب کیا گیا، البتہ حال ہی میں فٹنس بحال کرنے والے دونوں پیسرز کی فارم بھی شکوک کا شکار ہے، صہیب مقصود کافی عرصے سے کلائی اور سہیل خان کمر کی تکلیف میں مبتلا ہیں، انھیں زیرغور نہیں لایا گیا۔ چیف سلیکٹر ہارون رشید کا کہنا ہے کہ اگر محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن کلیئر نہ ہو سکا تو اس صورت میں بلال آصف ان کی جگہ لے سکتے ہیں۔

مختار احمد نے اپنی صلاحیتیں بخوبی نکھاری ہیں، سلیکشن کمیٹی کے خیال میں نوجوان بیٹسمین کو ایک روزہ میچز میں آزمانے کا موقع آگیا ہے، انھوں نے کہا کہ وہاب ریاض کی بحالی فٹنس کیلیے کام جاری ہے، وہ فٹ ہوگئے اور ٹیم کو ضرورت ہوئی تو مینجمنٹ کی مشاورت سے آخری 2 میچز کیلیے ٹیم کو جوائن کرسکتے ہیں،اس دوران ان کی فٹنس پر مزید کام بھی کرلیا جائے گا۔ پاکستانی اسکواڈ میں اظہرعلی ( کپتان )، احمد شہزاد، محمد حفیظ، مختار احمد، اسد شفیق، شعیب ملک، محمد رضوان، بابر اعظم، سرفراز احمد (نائب کپتان)، یاسر شاہ، بلال آصف، عماد وسیم، انورعلی، محمد عرفان، احسان عادل اور راحت علی شامل ہیں۔ 5ون ڈے انٹرنیشنل میچزکی سیریز کا پہلا مقابلہ11 جولائی کو دمبولا میں ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔