وزیراعظم نے قومی ہاکی ٹیم کی بد ترین کارکردگی پر رپورٹ طلب کر لی

ویب ڈیسک  ہفتہ 4 جولائی 2015

اسلام آباد: پاکستان ہاکی فیڈریشن میں آپریشن کلین اپ کی تیاریاں شروع ہوگئیں،وزیراعظم نواز شریف نے ورلڈہاکی لیگ میں قومی ٹیم کی خراب کارکردگی پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے وضاحت طلب کرلی ہے۔

تفصیلات کے مطابق تاریخ میں پہلی بارقومی ہاکی ٹیم کے اولمپکس سے باہرہونے کے بعدہاکی کے حلقوں میں شدید مایوسی کی فضا پائی جارہی ہے،قومی ٹیم کی بے بسی کو دیکھتے ہوئے وزیر اعظم نوازشریف نے بھی سنجیدگی سے نوٹس لیاہے اور گرین شرٹس کے اولمپک سے باہرہونے پرشدیدمایوسی کااظہار کیا اور وزارت بین الصوبائی امورسے وضاحت طلب کی ہے کہ اولمپکس میں3 مرتبہ گولڈ میڈل حاصل کرنے والی ٹیم کس طرح شکست سے دوچارہوگئی؟،وزیراعظم نے ملک میں قومی کھیل کے فروغ کے لیے سفارشات بھی طلب کی ہیں۔

قومی ہاکی ٹیم کی عبرتناک شکست کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی کمیٹی کی سربراہی سیکریٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ اعجازچوہدری کریں گے جب کہ دیگر ارکان میں سابق اولمپئن کرنل(ر) مدثراصغر، شہبازاحمد سینئر،خواجہ محمد جنید، ڈی جی سپورٹس بورڈ اختر نواز گنجیرہ اورپاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کا ایک رکن بھی شامل ہوگا۔

واضح رہے کہ قومی ہاکی ٹیم نے بیلجیئم میں ہونے والے ورلڈلیگ پول میچزمیں سے صرف پولینڈ کوشکست دی تھی،آسٹریلیا کے ہاتھوں اسے 1-6 کی بدترین ناکامی کاسامنا کرنا پڑا، بھارت اورفرانس کیخلاف میچ 2-2گول سے برابررہے۔

دوسری جانب ہاکی لیگ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر چیف سیلکٹر اصلاح الدین اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے، کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اصلاح الدین نے کہا کہ ورلڈ ہاكی لیگ میں قومی ہاكی ٹیم كی كی ناقص كاردگی پر افسردہ ہوں جس كے باعث پاكستان پہلی مرتبہ اولمپكس میں  شركت سے قاصر رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ میں قومی ٹیم نے توقعات كے مطابق پرفارم نہیں كیا ہم نے اس اہم ٹورنامنٹ كے لیے كھلاڑیوں  كا انتخاب انتہائی ایمان داری كے ساتھ كیا تھا جب كہ ہر پوزیشن كے كھلاڑی كا سلیكشن میرٹ كی بنیا د پر ہوا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔