مسافر ہزاروں موبائل فون اور لیپ ٹاپ ریل گاڑی میں چھوڑ گئے

ویب ڈیسک  اتوار 5 جولائی 2015
برطانیہ میں ریلوے کا عملہ مسافروں کی جانب سے بھول جانے والا سامان دکھارہے ہیں۔ فائل تصویر

برطانیہ میں ریلوے کا عملہ مسافروں کی جانب سے بھول جانے والا سامان دکھارہے ہیں۔ فائل تصویر

لندن: بسوں اور ٹرینوں میں لوگ کتابیں، عینک اور چھتریاں وغیرہ تو بھول جاتے ہیں لیکن برطانیہ کی ایک ٹرین میں اس سال مسافر ہزاروں موبائل فون، لیپ ٹاپ اور قیمتی سامان سے بھرے پرس بھول گئے۔

برطانیہ میں فرسٹ ٹرانس پینائن ایکسپریس نے ایک سال میں لاپرواہ یا جلد باز مسافروں کی جانب سے چھوڑے جانے والے سامان کی فہرست شائع کی ہے جن میں ایک سال میں 1300 پرس اور بٹوے بھی شامل ہیں جن میں مجموعی طور پر ایک خطیر رقم شامل ہے۔ اس کے علاوہ 600 چھتریاں، 120 شاپنگ بیگ، 70 عینکیں اور 30 لیپ ٹاپ بھی شامل ہیں۔ ان میں سب سے ذیادہ تعداد موبائل فونز کی ہے جو 2000 سے زائد ہیں۔

اس کے علاوہ 73 نرم (سافٹ) کھلونے، پرفیوم اور آفٹر شیو کی 21 بوتلیں، چھ عدد گٹار، تین سائیکلیں، 6 فٹ بڑا ہوا بھرنے والا ڈائنوسار، ایک بلی، ایک چھپکلی، ایک فریم شدہ تصویر اور 500 سے زائد چابیاں شامل ہیں۔ ادارے نے یہ دلچسپ بات بھی بتائی کہ اگرچہ لیپ ٹاپ اور موبائل فون بہت قیمتی اور اہم سمجھے جاتے ہیں لیکن مسافروں کی جانب سے سب سے ذیادہ فون کالز چھتریوں کی معلومات کے لیے کی جاتی ہیں۔

فرسٹ ٹرانس پینائن ایکسپریس کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اگر 3 ماہ تک ان اشیا کے اصل مالک رابطہ نہیں کرتے تو اشیا کو نیلام کرکے ان کی رقم خیراتی اداروں کو دیدی جاتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔