عامر خان کے روزے اور سخت ٹریننگ ایک ساتھ جاری

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 5 جولائی 2015
والدہ کے ہاتھ سے بنے کھانوں میں جادو ہے اسے ہیپی فوڈ کہتا ہوں، برطانوی باکسر۔  فوٹو : فائل

والدہ کے ہاتھ سے بنے کھانوں میں جادو ہے اسے ہیپی فوڈ کہتا ہوں، برطانوی باکسر۔ فوٹو : فائل

لندن: برطانوی باکسر عامر خان روزے اور سخت ٹریننگ ایک ساتھ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رمضان کی وجہ سے میری ٹریننگ متاثر نہیں ہو رہی، اگر فلوئیڈمے ویدر میرے ساتھ فائٹ کی حامی بھرتے ہیں تو اس کیلیے پوری طرح تیار ہوں گا۔ عامر نے کہا کہ میں دن میں روزہ رکھتا اور نمازیں ادا کرتا مگر آدھی رات کو ایک گھنٹے تک بھرپور ٹریننگ بھی ہوتی ہے، میرے لیے سب سے تحریک کا باعث یہ بات ہے کہ جس وقت میرے حریف سوئے سوئے ہوتے ہیں میں تب ٹریننگ کر رہا ہوتا ہوں، عید کے بعد میں پھر سے پہلے جیسے سخت ٹریننگ شروع کرتے ہوئے اگلی فائٹ کیلیے تیار ہو جاؤنگا۔ عامر اب شادی شدہ اور ایک بچی کے والد بن چکے لیکن ابھی تک والدہ ے ہاتھوں سے ہی بنائے کھانے پسند کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میری ماں کے کھانوں میں جادو ہے، میں اسے ہیپی فوڈ، کہتا ہوں کیونکہ انہیں کھا کر میرا دل خوش ہو جاتا ہے۔2004 میں صرف17برس کی عمر میں نوجوان ترین اولپمک چیمپئن کا اعزاز حاصل کرنیوالے عامر اب تک34پروفیشنل فائٹس میں شریک ہو چکے،31میں وہ سرخرو رہے، ان میں سے بھی19فتوحات انہوں نے ناک آؤٹ کی بنیاد پر حاصل کیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔