یونان میں معاشی بیل آؤٹ کے لیے ریفرنڈم کا عمل مکمل

ویب ڈیسک  اتوار 5 جولائی 2015
ریفرینڈم میں عوام نے  بیل آؤٹ کی شرائط کو مسترد کردیا تو تو یونان یورو زون سے نکل جائے گا، یورپی یونین فوٹو: رائٹرز / فائل

ریفرینڈم میں عوام نے بیل آؤٹ کی شرائط کو مسترد کردیا تو تو یونان یورو زون سے نکل جائے گا، یورپی یونین فوٹو: رائٹرز / فائل

ایتھنز: یونان میں ملک کو معاشی بحران سے نکالنے اور بین الاقوامی بیل آؤٹ کی شرائط قبول یا مسترد کرنے کے لیے ریفرنڈم میں ووٹنگ کا عمل مکمل ہوچکا ہے اورووٹوں کی گنتی جاری ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یونان میں بیل آؤٹ کے لئے ہونے والے ریفرنڈم کے لیے پولنگ مقامی وقت کے مطابق صبح سات بجے شروع ہوئی جو شام تک جاری رہی، ایک جائزے کے مطابق  51.5 فیصد افراد نے بیل آؤٹ کی شرائط مسترد کرنے کے لئے ’نہ‘ میں ووٹ دیا اور 48.5 فیصد افراد نے ’ہاں‘ پر ووٹ دیا۔ یونان کے وزیراعظم نے عوام سے قرض خواہوں کی شرائط کو مسترد کرنے یعنی ’نہیں‘ پر ووٹ ڈالنے کی اپیل کی تھی۔دوسری جانب  یورپی یونین کے رہنماؤں نے متنبہ کیا ہے کہ اگر یونان میں ہونے والے ریفرنڈم میں عوام نے بیل آؤٹ کی شرائط کو مسترد کردیا تو یونان یورو زون سے نکل جائے گا۔

یونان کے وزیر خزانہ یانس واروفاکس کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کے پاس ان کے ملک کو یورو زون سے نکالنے کا کوئی قانونی جواز نہیں ہے۔یونان کو قرض دینے والے بین الاقوامی قرض خواہ ’لوگوں کے دلوں میں خوف و ہراس پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم کا نتیجہ خواہ کچھ بھی ہو منگل سے بینک کھل جائیں گے.

واضح رہے کہ یونان مالی بحران کی وجہ سے گزشتہ ہفتے عالمی مالیاتی اداروں کو قرض کی قسط ادا کرنے میں ناکام ہوگیا تھا جب کہ یورو زون میں شامل ممالک بھی اس کی مزید مالی مدد سے گریزاں ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔