جنوبی افریقا نے بنگلادیش کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 52 رنز سے شکست دے دی

ویب ڈیسک  اتوار 5 جولائی 2015
جنوبی افریقا کے 148 رنز کے جواب میں بنگلادیش کی پوری ٹیم 96 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ فوٹو: اے ایف پی

جنوبی افریقا کے 148 رنز کے جواب میں بنگلادیش کی پوری ٹیم 96 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ فوٹو: اے ایف پی

میرپور: جنوبی افریقا نے 2 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں بنگلادیش کو 52 رنز سے شکست دے دی۔

میرپور کے شیربنگلااسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا کے کپتان فاف ڈپلوسی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو مہمان ٹیم نے مقررہ  اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بنائے جس کے جواب میں بنگلادیش کی پوری ٹیم 96 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ ہدف کے تعاقب میں میزبان بنگلادیش شروع سے ہی مشکلات میں گھری رہی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی گئیں۔اوپننگ بلے باز تمیم اقبال 7 کے مجموعی اسکور پر 5 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جس کے بعد سومیا سرکار بھی صرف 7 رنز ہی بنا سکے، شکیب الحسن 26، مشفق الرحیم 17، صابر رحمان 4، ناصر حسین 1، لٹن داس 22، مشرفی مرتضی 5، سوہاگ غازی 3، اور مستفیض الرحمان ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جنوبی افریقا کے جے پی ڈومنی، کگیسو  رابادا اور ڈیوڈ ویس نے 2،2 جب کہ کیل ایبٹ، وین پارنیل اورایرون فنگیسو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل جنوبی افریقا نے پہلے بیٹنگ کی تو کپتان فاف ڈپلوسی سب سے زیادہ 79 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں اوپننگ بلے بازاے بی ڈویلیئرز نے 2، کوائنٹم ڈی کوک 12، جے پی ڈومنی 18 اور ڈیوڈ ملر ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ ریلے روسو 31 رنزکے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ بنگلادیش کی جانب سے عرفات سنی نے 2، ناصر حسین اور شکیب الحسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں بہترین کارکرگی پیش کرنے پر فاف ڈپلوسی کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔