ورلڈ ہاکی لیگ میں مایوس کن کارکردگی پر قومی ٹیم کے کپتان محمد عمران مستعفی

ویب ڈیسک  اتوار 5 جولائی 2015
اب وقت آ گیا ہے کہ نئے کھلاڑیوں کو موقع فراہم کیا جائے، مستعفی کپتان قومی ٹیم۔ فوٹو: فائل

اب وقت آ گیا ہے کہ نئے کھلاڑیوں کو موقع فراہم کیا جائے، مستعفی کپتان قومی ٹیم۔ فوٹو: فائل

اینٹورپ: بیلجیئم میں کھیلی جانے والی ورلڈ ہاکی لیگ میں مایوس کن کارکردگی کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان محمد عمران نے استعفیٰ دے دیا ہے۔

بیلجیئم کے شہر اینٹورپ میں کھیلے گئے ساتویں پوزیشن کے میچ میں فرانس کے ہاتھوں شکست کے بعد قومی ٹیم کے کپتان محمد عمران نے اپنا استعفیٰ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے حکام کو جمع کرایا۔ محمد عمران کا کہنا تھا کہ پی ایچ ایف حکام نے تمام سہولیات فراہم کیں جس پر ان کا شکر گزار ہوں لیکن کھلاڑی اچھا کھیل نہ پیش کر سکے، ٹورنامنٹ میں شکست کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں، اب وقت آ گیا ہے کہ نئے کھلاڑیوں کو موقع فراہم کیا جائے۔ دوسری جانب پی ایچ ایف کے صدر اختر رسول اور سیکرٹری رانا مجاہد ذلت آمیز شکست کے باوجود اپنے عہدے چھوڑنے کے لئے تیار نہیں ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے کوچ شہناز شیخ کا وطن واپسی پر مستعفی ہونے کا امکان ہے جب کہ ہاکی ٹیم کے چیف سلیکٹر اصلاح الدین اور جونیئر قومی ٹیم کے کوچ پہلے ہی مستعفی ہوچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔