ویمنز فٹبال؛ انگلینڈ نے جرمن حصار توڑکر برانز میڈل جیت لیا

اسپورٹس ڈیسک  پير 6 جولائی 2015
 فیصلہ کن گول اضافی وقت میں پنالٹی پر فارا ولیمز نے بنایا۔ فوٹو: اے ایف پی

فیصلہ کن گول اضافی وقت میں پنالٹی پر فارا ولیمز نے بنایا۔ فوٹو: اے ایف پی

ایڈمونٹون: ویمنز فٹبال میں انگلینڈ نے جرمن حصار توڑ ڈالا، باہمی مقابلوں میں اولین فتح سمیٹتے ہوئے ورلڈ کپ میں برانز میڈل جیت لیا، تیسری پوزیشن کے مقابلے میں جرمنی کو 0-1 سے شکست ہوگئی، عالمی درجہ بندی میں چھٹے نمبر پرفائز انگلش ٹیم نے ورلڈ نمبرون جرمنی کیخلاف پہلی مرتبہ فتح پائی۔

تفصیلات کے مطابق ویمنز فٹبال ورلڈ کپ میں انگلینڈ نے دو مرتبہ کی چیمپئن جرمنی کو 1-0 سے مات دیکر برانز میڈل جیت لیا، مقررہ 90 منٹ کے کھیل میں کوئی بھی ٹیم گیند کو جال کی راہ نہیں دکھاسکی، فیصلہ کن گول اضافی وقت کے 18ویں منٹ میں پنالٹی پرفارا ولیمز نے داغا، انگلش ٹیم کو یہ پنالٹی جرمن پلیئر ٹابیا کیمی کی جانب سے انگلش کھلاڑی لینی سینڈرسن کو گرانے پر ایوارڈ کی گئی تھی، جرمن گول کیپر ناڈین اینگرر پنالٹی پر مکمل طور پر ناکام رہیں، انگلش پلیئر فارا ولیمز کی کک کے برعکس انھوں نے گیند کے متضاد سمت ڈائیو لگائی، اینگرر بھی جرمنی کیلیے الوداعی میچ کھیل رہی تھیں، انگلینڈ کو سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن جاپان کے ہاتھوں1-2 سے شکست ہوگئی تھی، جس میں دفاعی پلیئر لورا بیسٹ کا اون گول انگلش ٹیم کو لے ڈوبا تھا، اسی طرح 2003 اور2007 کے چیمپئن جرمنی کو امریکا نے2-0 سے ٹھکانے لگاکر فائنل میں جگہ بنالی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔