مقدمات ختم جلد ہوجائیں گے اس کے بعد عوام میں آؤں گا، پرویز مشرف

اسٹاف رپورٹر  پير 6 جولائی 2015
موجودہ سیاسی قیادت عوامی مسائل کوحل کرنے میں سنجیدہ نہیں، مشرف۔ فوٹو: فائل

موجودہ سیاسی قیادت عوامی مسائل کوحل کرنے میں سنجیدہ نہیں، مشرف۔ فوٹو: فائل

کراچی: آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اورسابق صدرجنرل(ر) پرویزمشرف نے کہاہے کہ پاکستان کواس وقت سیاسی اورمعاشی بحران کاسامنا ہے جن سے نمٹنے کے لیے ملک کوایک مضبوط سیاسی قیادت کی ضرورت ہے، میرے خلاف مقدمات جلد ختم ہوجائیںگے، اس کے بعدعوام میں آؤںگا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے اتوارکو مقامی لان میں آل پاکستان مسلم لیگ کراچی ڈویژن کے افطارڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوںنے کہاکہ پاکستان دہشت گردی اور انتہاپسندی جیسے چیلنجزسے گزررہا ہے، پاک فوج ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اورقیام امن کے لیے بے انتہا قربانیاں دے رہی ہے، پوری قوم فوج کوان کی خدمات پرسلام پیش کرتی ہے۔ انھوں نے کہاکہ ملک کوسیاسی اورمعاشی مسائل کابھی سامناہے، موجودہ سیاسی قیادت عوامی مسائل کوحل کرنے میں سنجیدہ نہیں۔ عوام تبدیلی چاہتے ہیں اورتبدیلی کے لیے ایک مضبوط سیاسی قیادت کوسامنے آنا ہوگا۔ انھوں نے کہاکہ اے پی ایم ایل کے جوساتھی کٹھن سے کٹھن حالات میں ثابت قدم رہے، ان کوسلام پیش کرتاہوں۔ اے پی ایم ایل کوملک بھر میں منظم کیا جائے گا۔ کراچی میں بھی یونین کونسل سے لے کر ضلعی سطح تک اے پی ایم ایل کو مضبوط بنائیں گے۔

اچھے سیاستدان سامنے آئیں گے توملک کے مسائل بھی حل ہوںگے، انھوں نے کہا کہ میں حالات سے گھبرانے والانہیں، ملک میں رہ کرسیاست کروںگا۔ انھوں نے اے پی ایم ایل کے عہدیداروں پر زوردیا کہ وہ پارٹی کے پیغام کوملک کے کونے کونے میں پھیلائیں اوربلدیاتی انتخابات کی تیاریاں شروع کردیں۔ دریںاثنا سابق صدرنے عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کوٹیلیفون کرکے ملک کی موجودہ صورتحال پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والے ٹیلی فونک رابطے میں پرویزمشرف نے طاہرالقادری کی صحت کے بارے میں آگاہی حاصل کرنے کے ساتھ انھیںدورہ کراچی کی دعوت بھی دی۔ دونوں رہنماؤں نے ملک کی مجموعی صورتحال پرتبادلہ خیال کے ساتھ عوام کودرپیش مہنگائی، بیروزگاری اور لوڈشیڈنگ کے مسائل پربات کی اورملک میں جاری ظالمانہ نظام کے خلاف مل کر جدوجہد کرنے پراتفاق کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔