ملک میں آج سے مون سون بارشوں کا آغاز

ویب ڈیسک  پير 6 جولائی 2015
گوجرانوالہ، مری، کشمیر اور اس سے ملحقہ علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے فوٹو: فائل

گوجرانوالہ، مری، کشمیر اور اس سے ملحقہ علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے فوٹو: فائل

لاہور: گزشتہ چند دنوں سے جاری شدید گرمی کی لہر کے بعد پنجاب کے کئی شہروں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا ہے اور محکمہ موسمیات نے آج سے ملک میں مون سون بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم شدید گرم اورمرطوب رہا تاہم گوجرنوالہ، راولپنڈی، ہزارہ ڈویژن، کشمیرمیں کہیں کہیں جبکہ مالاکنڈ ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کےساتھ بارش ہوئی۔ گوجرانوالہ ڈویژن، مری، کشمیراوراس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بارش کا سلسلہ اب بھی وقفے وقفے سے جاری ہے۔ کراچی میں قیامت خیز گرمی کے بعد آسمان پر بادلوں کا ڈیرہ ہے جس نے سمندریہ ہواؤں کے ساتھ مل کر شہر قائد گرمی کی شدت کافی حد تک کم کردی ہے۔

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ہزارہ، راولپنڈی، گوجرنوالہ، لاہور، ساہیوال، سرگودھا ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ مالاکنڈ، پشاور، کوہاٹ، ژوب، ڈی جی خان، فیصل آباد، ملتان ڈویژن اوربالائی فاٹا میں چند مقامات پرتیزہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران گوجرانوالہ، راولپنڈی، لاہورڈویژن اورکشمیرمیں چند مقامات پرموسلادھاربارش کا بھی امکان ہے تاہم ملک کے دیگرعلاقوں میں موسم گرم اورمرطوب رہے گا۔

محکمہ مسومیات کا کہنا ہے کہ منگل سے جمعہ کے دوران پنجاب، خیبر پختونخواہ اورکشمیرمیں اکثرمقامات پرگرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ اس دوران راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور،ساہیوال ڈویژن اورکشمیر میں چند مقاما ت پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔