کمپیوٹر گیم کھیلیں اور وزن گھٹائیے

ویب ڈیسک  منگل 7 جولائی 2015
یونیورسٹی ماہرین کے مطابق گیم کھیلنے سے موٹے افراد لاشعوری طور پر مضرِ صحت کھانوں سے دور رہتے ہیں۔ فوٹو؛فائل

یونیورسٹی ماہرین کے مطابق گیم کھیلنے سے موٹے افراد لاشعوری طور پر مضرِ صحت کھانوں سے دور رہتے ہیں۔ فوٹو؛فائل

لندن: یونیورسٹی آف ایکیسٹر اور کارڈف یونیورسٹی کے ماہرین نے مشترکہ طور پر ایک ویڈیو گیم بنایا ہے جو کھیلنے والے کو وزن کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔

یہ گیم کھیلنے والے کو روزانہ 220 یا اس سے کم کیلوریز کی خوراک کھانے کی ترغیب دیتا ہے اور بہترین تنائج کے لیے اسے ہفتے میں کم سے کم چار مرتبہ کھیلنا ہوتا ہے۔ گیم کا اصل مقصد کھیل کھیل میں ذہن کو کم خوراکی کے پیغامات دینے ہوتے ہیں۔

گیم میں وزن بڑھانے والے اورصحت مند کھانوں کی تصاویر ابھرتی ہیں جن میں جنک فوڈ کی تصویر پرکلک کرنے سے پرہیز اور جسم کے لیے صحت مند کھانوں کی تصاویر پر کلک کرکے گیم جیتا جاسکتا ہے۔ اس طرح لاشعوری طور پر دماغ مرغن اور مضرِصحت کھانوں کو ناپسند کرنے لگتا ہے اور اس طرح کیلیوریز کنٹرول میں ہونے سے ایک ہفتے میں ڈیڑھ پونڈ تک وزن کم کیا جاسکتا ہے۔

اس کمپیوٹر گیم کی آزمائش میں 42 افراد کو شامل کیا گیا جن کی اکثریت کا وزن ذیادہ تھا اور وہ کیلوریز سے بھرپور کھانے مثلاً بسکٹ، کیک اور چاکلیٹ وغیرہ کھانے کے عادی تھے۔ ان میں سے 88 فیصد افراد گیم سے خوش ہوئے اور اسے جاری رکھنے کا وعدہ کیا ۔ ماہرین کے مطابق یہ موٹاپے کا باقاعدہ علاج نہیں لیکن علاج کی جانب ترغیب دینے کا ایک ذہنی پروگرام ہے جس کے اثرات دیرپا رہتے ہیں اور گیم کی مشق سے وہ مرغن اور وزن بڑھانے والی غذاؤں سے دور رہتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔