عمران خان نے جسٹس وجیہہ کو الیکشن ٹریبونل کی ایما پر مزید فیصلے دینے سے روک دیا

ویب ڈیسک  منگل 7 جولائی 2015
جسٹس وجیہ الدین قابل احترام ہیں تاہم کسی کو بھی اس کی حدود سے تجاوز کی اجازت نہیں دی جا سکتی، عمران خان فوٹو: فائل

جسٹس وجیہ الدین قابل احترام ہیں تاہم کسی کو بھی اس کی حدود سے تجاوز کی اجازت نہیں دی جا سکتی، عمران خان فوٹو: فائل

 اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک اںصاف عمران خان نے جسٹس وجیہہ الدین کو الیکشن ٹریبونل کی ایما پر مزید فیصلے دینے سے روک دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین کے نام لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ تحریک انصاف ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے پارٹی انتخابات کروائے اور بطور پارٹی چیئرمین ایک غیر جانبدار الیکشن ٹریبونل تشکیل دیتے ہوئے انہیں اس کی سربراہی سونپی جس کا ایجنڈا انتخابی شکایات کی تحقیقات تھا۔ پارٹی نے ٹریبونل کی رپورٹ اور دوبارہ انتخابات کی سفارشات کو قبول کیا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ ٹریبونل نے تحلیل کے بعد بھی احکامات دینے کا سلسلہ جاری رکھا جو اس کے دائرہ اختیار سے باہر تھا۔ اس لئے وہ ان سے باضابطہ درخواست کرتے ہیں کہ تحلیل شدہ ٹریبونل کی ایما پر مزید فیصلے نہ دیئے جائیں۔ وہ ملک کی خدمات پر ان کا بے حد احترام کرتے ہیں لیکن کسی کو بھی اس کی حدود اور مینڈیٹ سے تجاوز کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ یہ امر یقینی ہے کہ بحیثیت چیئرمین وہ پارٹی کی جدوجہد کو ہر قسم کے نقصان سے بچانے کے لئے ضروری اقدامات اٹھاتے رہیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔