نان چنے کھا کر ورلڈ چیمپئن نہیں بن سکتے، ہاکی کپتان

ویب ڈیسک  منگل 7 جولائی 2015
 ہاکی کو بہتر کرنا ہے تو کھلاڑیوں پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے انہیں ملازمتیں دینا ہوں گی، محمد عمران۔ فوٹو: فائل

ہاکی کو بہتر کرنا ہے تو کھلاڑیوں پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے انہیں ملازمتیں دینا ہوں گی، محمد عمران۔ فوٹو: فائل

لاہور: پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان محمد عمران کا کہنا ہے کہ ہاکی کو بہتر کرنا ہے تو کھلاڑیوں پر خصوصی توجہ دینا ہوگی کیوں کہ نان چنے کھا کر ورلڈ چیمپئن نہیں بن سکتے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد عمران کا کہنا تھا کہ ملک میں اسپورٹس کا جو کلچر ہونا چاہیئے تھا بدقسمتی وہ نہیں ہے اگر ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کا مستقبل اچھا ہوگا تو نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے اور ہاکی ٹیم کو ایک مرتبہ پھر عروج پر لانے کے لئے کھلاڑیوں کو ملازمتیں دینا ہوں گی، امید ہے کہ ورلڈ ہاکی لیگ میں ناکامی کے حوالے سے وزیراعظم کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی کے نتائج مثبت آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ٹورنامنٹ میں ٹیم تبدیل نہیں کرنی چاہیئے، بار بارٹٰیم میں تبدیلی شکست کا باعث بنتی ہے تاہم ہم نے اچھا کھیلنے کی پوری کوشش کی لیکن ہار جیت کھیل کا حصہ ہے۔

کپتان ہاکی ٹیم کا کہنا تھا کہ کسی عہدیدار کو فارغ کرنا یا استعفیٰ طلب کرنا مسئلے کا حل نہیں جب کہ میں نے قیادت سے استعفیٰ نہیں دیا اور اگر استعفے سے کوئی فرق پڑتا ہے تو اس کے لئے بھی تیار ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔