کے الیکٹرک کا 20 گھنٹے بعد کراچی کے تمام علاقوں میں بجلی بحال کرنے کا دعویٰ

ویب ڈیسک  بدھ 8 جولائی 2015
شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بحالی شروع ہو چکی ہے، ترجمان کے الیکٹرک۔ فوٹو:فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بحالی شروع ہو چکی ہے، ترجمان کے الیکٹرک۔ فوٹو:فائل

 کراچی: کے الیکٹرک نے 20 گھنٹے بعد کراچی کے تمام علاقوں میں بجلی بحال کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

گزشتہ شب کے الیکٹرک کی 500 کے وی کی ایکسٹرا ہائی ٹینشن لائن ٹرپ کرنے اور بن قاسم پاور پلانٹ میں خرابی آنے سے کراچی کا 90 فیصد حصہ تاریکی میں ڈوب گیا تھا، جس کی وجہ سے شہریوں نے تراویح کے بعد سحری بھی اندھیرے میں ادا کی، عوام رات بھر جاگتے رہے اور کے الیکٹرک کو کوستے رہے، بجلی کی فراہمی متاثر ہونے سے سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا  اور سیکڑوں آپریشن ملتوی کردیے گئے۔ بجلی کے بریک ڈاؤن سے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی لائن پھٹ جانے کی وجہ سے لاکھوں گیلن پانی ضائع اور شہر کو سپلائی بند ہو گئی ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ 500کےوی اے کی مین ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کرجانے سے کراچی، حیدرآباد سمیت سندھ اور بلوچستان کے کئی اضلاع کو بجلی کی فراہمی بند ہوئی تھی۔ بن قاسم پاور پلانٹ پر ہونےوالی فنی خرابی کو دورکردیا گیا ہے اور شہر کے تمام متاثرہ علاقوں میں بجلی بحال کردی گئی ہے۔

دوسری جانب نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کراچی میں حالیہ بجلی بحران کا ذمہ دار نہیں۔ کراچی میں بریک ڈاؤن فنی خرابی کے باعث ہوا، بن قاسم پاور پلانٹس فنی خرابی کے باعث ٹرپ ہوا، کے الیکٹرک کی نااہلی ہوتی تو نیپرا نوٹس جاری کرتی۔

واضح رہے کہ گزشتہ 7 ماہ کے دوران کراچی میں بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔