شنگھائی تعاون تنظیم کی رکنیت کے لئے چین کے تعاون کی قدر کرتے ہیں، نواز شریف

ویب ڈیسک  جمعـء 10 جولائی 2015
شنگھائی تعاون تنظیم میں مثبت اور موثر کردار کیلئے تیار ہیں، وزیراعظم نواز شریف۔ فوٹو: پی آئی ڈی

شنگھائی تعاون تنظیم میں مثبت اور موثر کردار کیلئے تیار ہیں، وزیراعظم نواز شریف۔ فوٹو: پی آئی ڈی

اوفا: وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کی رکنیت کے لئے چین کے تعاون کی قدر کرتے ہیں۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم نواز شریف اور چین کے صدر شی چن پنگ کے درمیان روس کے شہر اوفا میں ملاقات ہوئی جس میں پاک چین دوستی سمیت دیگر اہم معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نوا شریف کا کہنا تھا کہ چین پاکستانس کا بہترین دوست ہے اور ہمیں دونوں ممالک کی دوستی پر فخر ہے۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نوازشریف نے بھارتی ہم منصب نریندر مودی سے ملاقات کی تفصیلات بھی شیئر کیں۔

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ دوستی ہماری خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہے، چینی صدر اور ان کی اہلیہ کے دورہ پاکستان نے عوام کے دل و دماغ جیت لئے، اقتصادی راہداری کے منصوبوں میں چینی صدر شی چن پنگ کی دلچسپی کی قدر کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کی رکنیت کے لئے چین کے تعاون کی قدر کرتے ہیں اور شنگھائی تعاون تنظیم میں مثبت اور موثر کردار کیلئے تیار ہیں۔ چین کے صدر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستان سے تعلقات چین کا اولین ایجنڈا ہے اور صدر پاکستان ممنون حسین کے دورہ چین کے منتظر ہیں۔

شنگھائی تعاون تنظیم سربراہان اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کی تاریخ میں اہم موڑآنے والا ہے اور پاکستان سمیت نئے ممالک تنظیم کے رکن بننے والے ہیں، تنظیم کا بنیادی اصول اراکین ممالک کے بنیادی حقوق کا تحفظ ہے جب کہ ہمارے مفادات، چیلنجز اور اہداف یکساں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ اورامن و سلامتی چاہتے ہیں ہمیں اپنے اہداف حاصل کرنے کے لیے امن پرتوجہ دینا ہوگی، علاقائی استحکام معاشی ترقی کی کلید ہے جب کہ خطے کو دہشتگردی ، انتہاپسندی اور منشیات کی اسمگلنگ کا سامنا ہے، تنازعات دورکرنے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ مل کرکام کرنا ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔