بجلی کی سپلائی درست نہ ہوئی تو کے الیکٹرک کا بوریا بستر گول کردیں گے، الطاف حسین

ویب ڈیسک  اتوار 12 جولائی 2015
ایم کیو ایم کے کارکنوں پرسرکاری ٹارچر سیلوں میں تشدد کیا جاتا ہے، الطاف حسین- فوٹو: فائل

ایم کیو ایم کے کارکنوں پرسرکاری ٹارچر سیلوں میں تشدد کیا جاتا ہے، الطاف حسین- فوٹو: فائل

لندن: متحدہ قومی مومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کراچی میں بجلی کے طویل بریک ڈاؤن پر کے الیکٹرک انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے خبردار کیا ہے کہ اگر ایک دو روز میں بجلی کی سپلائی درست نہ ہوئی تو کے الیکٹرک کا بوریا بستر گول کردیں گے۔

لندن سے ہنگامی پریس کانفرس کرتے ہوئے الطاف حسین کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک نے بڑا تنگ کیا ہوا ہے، اگر ایک دو روز میں بجلی کی سپلائی درست نہ ہوئی تو کے الیکٹرک کا بوریا بستر گول کر دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کی مجرمانہ غفلت کے باعث شہریوں کے برداشت کا مادہ بھی جواب دے چکا ہے، رابطہ کمیٹی تاریخ دے کہ کے الیکٹرک کے خلاف کب دھرنا دینا ہے۔

الطاف حسین نے کہا کہ کراچی آپریشن میں ایم کیو ایم کے 3 ہزار کارکنوں کو گرفتارکیا گیا، 2013 سے اب تک ایم کیو ایم کے 22 کارکن لاپتہ ہیں، ایم کیو ایم کے کارکنوں پرسرکاری ٹارچر سیلوں میں تشدد کیا جاتا ہے، پولیس اور رینجرزنے ہمارے کارکن مارے لیکن آرمی چیف نے ابھی تک ڈی جی رینجرز کے خلاف نوٹس نہیں لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر کو مقبوضہ کشمیر بھیجا جائے اور چاہے کچھ بھی ہو جائے ڈروں گانہیں، ساتھی ساتھ دیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔