ملک بھر میں آج عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے

ویب ڈیسک  جمعـء 17 جولائی 2015

 اسلام آباد: ملک بھر میں آج عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے جب کہ اس موقع پر عید کی نماز کے بڑے اجتماعات ہوں گے جس میں ملک وقوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی جائیں گی۔

شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا جب کہ زونل اور ضلعی کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے اپنے متعلقہ مقامات ہوئے جس کے بعد ملک کے مختلف علاقوں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔ ملک کے مختلف علاقوں سے چاند نظر آنے کی 50 سے زائد شہادتیں موصول ہوئیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیرمین مفتی منیب الرحمان نے شوال کا چاند نظر آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سانگھڑ، گولارچی، بدین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، ڈومکی، جیکب آباد اور اس کے علاوہ ملک کے مختلف علاقوں سے چاند نظر آنے کی مستند شہادتیں موصول ہوئیں جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر میں ہفتے کے روز یکم شوال ہوگی اور عیدالفطر منائی جائے گی۔

ملک کے مختلف شہروں میں عید کی نماز کے بڑے اجتماعات ہوں گے جس میں ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی جب کہ اس موقع پر سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم نوازشریف اور صدر مملکت ممنون حسین نے قوم کو عید الفطر کی مبارک باد دی ہے جب کہ اپنے پیغام میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عید الفطر اللہ کے حضور شکر بجالانے کا دن ہے اور اس دن اختلافات بھلا کر اخوت و محبت کو فروغ دیں جب کہ اس خوشی کے موقعے پر ملک کے لیے لڑنے والوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عید پر سانحہ پشاور کے معصوم شہدا کو بھی یاد رکھیں اور کیمپوں میں مقیم فاٹا کے متاثرین کو بھی نہ بھلائیں۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ اللہ وطن عزیز کو امن و ترقی سے ہمکنار کرے۔

صدر مملکت ممنون حسین نے قوم کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عید کے موقع پر ناداروں، غربا اور مساکین کو بھی شریک ہیں اور دعا ہے کہ اللہ قوم پر اپنی رحمتیں اور برکتیں نازل کرے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔