2 روزہ ایجوکیشن اینڈ کیریئرایکسپو کا فلیٹیز ہوٹل میں بدھ سے رنگا رنگ آغاز

ناصر محمود شیخ  اتوار 26 جولائی 2015
مختلف مقابلوں کے ججز خالد عباس ڈار، جواد احمد، امانت چن، گلوکار ملکو اور امانت علی ہونگے، شیلڈز اور تحائف تقسیم کیے جائیں گے ۔  فوٹو : فائل

مختلف مقابلوں کے ججز خالد عباس ڈار، جواد احمد، امانت چن، گلوکار ملکو اور امانت علی ہونگے، شیلڈز اور تحائف تقسیم کیے جائیں گے ۔ فوٹو : فائل

لاہور: ایکسپریس میڈیا گروپ کے زیر اہتمام 2 روزہ ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو کا افتتاح فیلیٹیز ہوٹل لاہور میں 29 جولائی9 بجے صبح ہو گا۔ اس رنگا رنگ تفریحی معلوماتی ایکسپو میں ملک بھر کے نمایاں تعلیمی ادارے اور کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں۔ جدید اور نت نئے اسٹائل کے اسٹالز سجائے جا رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے ’’فیملی فیسیٹیول‘‘ اور ایجوکیشن ایکسپو نے اب روایتی تہوار کی شکل اختیار کر لی ہے۔ ایکسپریس کے ایونٹس کا شدت سے انتظار کیا جاتا ہے اور اب تک ہونے والے تمام ایونٹس نے کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کیے ہیں۔ ایجوکیشن ایکسپو سے نوجوان اور والدین کی بہت سی توقعات اور خواہشات جڑی ہوتی ہیں۔

اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے ملک سے باہر جانا ہو یا کسی بھی پروفیشن سے متعلقہ تعلیمی ادارے میں داخلہ لینا ہو اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا اظہار کرنا ہو یا اپنے فن کا مظاہرہ کرنا ہو ایکسپریس ایجوکیشن ایکسپو بہترین مواقع اور پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے۔ طلباء و طالبات تقریری مقابلوں‘ ایڈ کمپیٹیشن‘ ڈاکومینٹری‘ شارٹ فلمز‘ گلوکاری‘ بیٹل آف بینڈز‘ فیشن شو اور دیگر مقابلوں میں شرکت کے لیے بہترین تیاریاں اور ریہرسلز کر رہے ہیں۔

29 جولائی بدھ کو 9 بجے صبح افتتاحی تقریب میں ملک کے نامور تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات منفرد انداز میں اپنے اپنے کلچر کی نمائندگی کرتے ہوئے حصہ لیں گے۔ ایک بجے ہونے والے ’’ڈرامیٹک‘‘ مقابلوں میں ججز کے فرائض ایکسپریس نیوز کے دلعزیز ڈارلنگ شو کے میزبان صدارتی ایوارڈ یافتہ خالد عباس ڈار اور اداکار امانت چن ججز کے فرائض سرانجام دینگے۔ شام 6 بجے ہونے والے بیٹل آف بینڈز کے جج نوجوانوں کے پسندیدہ گلوکار جواد احمد ہونگے۔

اس موقع پر وہ میوزک کو بطور پروفیشن اپنانے کے خواہشمند طلباء و طالبات کو خصوصی لیکچر بھی دینگے۔ مقابلہ گلوکاری میں ہر بار کی طرح اس بار بھی سخت مقابلوں کی توقع کی جا رہی ہے۔ ان مقابلوں میں ججز کے فرائض گلوکار ملکو اور امانت علی سرانجام دینگے۔

دیگر مقابلوں میں بھی اپنے اپنے شعبوں میں مہارت رکھنے والے ملک کی معروف شخصیات شرکت کرینگی اور طلباء و طالبات کو ایکسپریس میڈیا گروپ کی جانب سے شیلڈز اور تحائف تقسیم کرینگی۔ مقابلوں میں حصہ لینے والے طلباء و طالبات اور تعلیمی ادارے مزید رہنمائی کے لیے ایونٹ کوارڈینیٹر محمد ایاز خان سے 0313-5299135 سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔