سعودی عرب کا یمن میں انسانی بنیادوں پر 5 روزہ جنگ بندی کا اعلان

ویب ڈیسک  اتوار 26 جولائی 2015
2 روز قبل اتحادی فوج حملے میں 120 سے زائد شہری ہلاک ہوگئے تھے۔ فوٹو: فائل

2 روز قبل اتحادی فوج حملے میں 120 سے زائد شہری ہلاک ہوگئے تھے۔ فوٹو: فائل

ریاض: سعودی عرب کی قیادت میں یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف کارروائی کرنے والے اتحادی ممالک نے انسانی بنیادوں پر 5 روزہ جنگ بندی کا اعلان کردیا ہے۔

سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی عرب کی سربراہی میں اتحادی ممالک نے یمن کے صدر عبد ربہ منصور ہادی کی درخواست پر یمن میں 5 روزہ یک طرفہ جنگ بندی کا اعلان کیا ہے تاکہ یمن میں متاثرین تک امدادی سامان اور زیادہ سے زیادہ انسانی اور طبی امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ جنگ بندی کا اطلاق اتواراورپیر کی درمیانی شب سے ہوگا تاہم اس دوران اتحادی فوج یہ حق محفوظ رکھے گی وہ حوثیوں کی کسی بھی عسکری کارروائی یا نقل و حرکت کی صورت میں انہیں نشانہ بنا سکے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل اتحادی فوج کی جانب سے داغے جانے والے میزائلوں نے یمن کا شہرموخع میں ایک رہائشی علاقے کو نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں 120 سے زائد شہری ہلاک ہوگئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔