کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی؛ جمعرات تک مزید بارشوں کا امکان

ویب ڈیسک  پير 27 جولائی 2015
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق سندھ میں دوسرا مون سون سسٹم داخل ہوچکا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق سندھ میں دوسرا مون سون سسٹم داخل ہوچکا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

کراچی: شہرقائد کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا جب کہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعرات تک مزید بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق سندھ میں دوسرا مون سون سسٹم داخل ہوچکا ہے جس کے تحت اندرون سندھ موسلادھار بارشیں شروع ہوچکی ہیں جب کہ کراچی میں جمعرات تک موسلادھاربارش کا امکان ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں، کالا پل، ڈیفنس، اختر کالونی، قیوم آباد، کورنگی، ملیر سمیت دیگر علاقوں میں بوندا باندی کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔

ڈائریکٹر جنرل پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی سید سلمان شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی میں شدید بارشوں کے پیش نظرپی ڈی ایم اے نے ضلع انتظامیہ کو اربن فلڈنگ کی الرٹ جاری کردی ہے، نشیبی علاقوں کے مکین شدید بارشوں سے قبل محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں۔ انھوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے سندھ گڈو بیراج اور سکھر بیراج میں سیلابی صورت حال کی مکمل نگرانی کر رہی ہے۔

نمائندہ ایکسپریس کے مطابق بالائی سندھ و بلوچستان میں مون سون کا برساتی سلسلہ شروع ہوگیا، موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔ اندرون سندھ موسلادھار بارش نے کھجور کی فصل تباہ کردی۔ خیرپور میں طوفانی بارش مسلسل 3گھنٹے تک برستی رہی جس کی وجہ سے کھجور کی تیار فصل تباہ ہوگئی اور آبادگاروں کو خطیر رقم کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ موسلادھار بارش سے چھوٹے بڑے شہروں میں بجلی کی فراہمی بھی منقطع ہوگئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔