ہاکی کی بہتری کے لیے انڈومنٹ فنڈز قائم کرنے کا مطالبہ

اسپورٹس رپورٹر  منگل 28 جولائی 2015
ورلڈ لیگ میں ناقص کارکردگی کی وجہ مالی وسائل کی کمیابی تھی، صدر پی ایچ ایف  فوٹو: فائل

ورلڈ لیگ میں ناقص کارکردگی کی وجہ مالی وسائل کی کمیابی تھی، صدر پی ایچ ایف فوٹو: فائل

لاہور: پاکستان ہاکی فیڈریشن کے اختررسول  نے کہا ہے کہ قومی کھیل کی بہتری کے لیے انڈومنٹ فنڈز قائم کیا جائے، ورلڈ لیگ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کی وجہ پیسوں کی کمی تھی، وزیر اعظم نواز شریف میرے لیڈر ہیں، انھوں نے استعفیٰ مانگا تو تاخیر نہیں کروں گا۔ وہ گذشتہ روز نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔

یاد رہے کہ رواں ماہ بیلجیئم میں شیڈول ورلڈ ہاکی لیگ میں قومی ٹیم کی شرمناک کارکردگی کے بعد پی  ایچ ایف کے عہدیداروں پر مستعفی ہونے کا دباؤ بڑھ گیا ہے، ملکی تاریخ میں پہلی بار گرین شرٹس کے اولمپک کی دوڑ سے باہر ہونے کے بعد حکومت اور پی ایچ ایف کی فیکٹ اینڈ فائنڈنگ کمیٹیاں تحقیقات کررہی ہیں، جس میں ذمے داروں کا تعین کرنے اور قومی کھیل کی  بحالی کی تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے۔

صدر پی ایچ ایف  ورلڈ ہاکی لیگ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کا اصل ذمہ دار فنڈز کی کمی کو قرار دیتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ  فیڈریشن کے پاس ٹیموں کو باہر بجھوانے کیلیے مالی وسائل ہی نہیں ہوتے، ان حالات میں کھلاڑیوں سے  عالمی ایونٹس میں اچھی کارکردگی کی توقع کیسے کی جا سکتی ہے۔

انھوں نے وزیر اعظم جو پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سرپرست اعلی بھی ہیں سے درخواست کی کہ وہ  قومی کھیل کے سنہرے مستقبل کے لیے آگے آئیں اور  ہاکی کے لیے انڈومنٹ فنڈز قائم کریں۔انھوں  نے کہا کہ میرے استعفیٰ دینے سے ہاکی میں بہتری آتی ہے تو وہ ایسا کرنے کے لیے بھی تیار ہوں۔

نواز شریف میرے لیڈر ہیں، انھوں نے پی ایچ ایف کا عہدہ چھوڑنے کے لیے کہا  تو بخوشی صدارت سے دستبردار ہو جاؤں گا۔ایک سوال پر اختر رسول نے کہاکہ سابق  اولمپئنز تنقید برائے تنقید کررہے ہیں، اس سے معاملات میں بہتری  کی بجائے مسائل ہی پیدا ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔