امریکااورترکی کاشام میں داعش کےخلاف مشترکہ کارروائیوں پراتفاق

ویب ڈیسک  منگل 28 جولائی 2015
ترکی اور امریکا کے درمیان بات چیت داعش سے متعلق ترک حکومت کی پالیسیوں میں تبدیلی کے بعد ہو رہی ہے فوٹو: فائل

ترکی اور امریکا کے درمیان بات چیت داعش سے متعلق ترک حکومت کی پالیسیوں میں تبدیلی کے بعد ہو رہی ہے فوٹو: فائل

انقرہ: امریکااورترکی نے شام میں داعش کےخلاف مشترکہ کارروائیوں پراتفاق کرلیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ’داعش‘ پر حملے کے مشترکہ منصوبے سے دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں ترکی کی شرکت میں نمایاں اضافہ ہو گا۔ حملے کا مقصد داعش سے پاک ’بفر زون‘ کا قیام ہے تاکہ شام سے ملحقہ ترکی کا علاقہ زیادہ محفوظ بنایا جا سکے۔ اس کارروائی میں ترکی کا خطے کو نو فلائی زون میں شامل کرنے کا دیرینہ مطالبہ شامل نہیں۔ اس منصوبے کے تحت دریائے فرات کے مغرب میں 109 کلومیٹر کے علاقے سے شدت پسندوں کا صفایا کر دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ یہ منصوبہ شام میں داعش کے خلاف امریکا کی زیرِ قیادت فضائی کارروائیوں کے امکانات کو بھی بڑھائے گا۔

امریکی محکمۂ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں تصدیق کی ہے کہ شام میں داعش کو شکست دینے اور ایک ایسا علاقہ بنانے کی کوشش کی جاہری ہے جہاں داعش کے اثرات نہ ہوں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔