تحریک انصاف کو ڈی سیٹ کیا گیا تو شریف سلطنت کے در و دیوار ہل جائیں گے، شیخ رشید

ویب ڈیسک  منگل 28 جولائی 2015
مطالبات کی منظوری کے لئے کوئی پابندی نہیں کہ دوبارہ سڑکوں پر نہیں آیا جاسکتا، سربراہ عوامی مسلم لیگ. فوٹو: فائل

مطالبات کی منظوری کے لئے کوئی پابندی نہیں کہ دوبارہ سڑکوں پر نہیں آیا جاسکتا، سربراہ عوامی مسلم لیگ. فوٹو: فائل

اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے تحریک انصاف کو ڈی سیٹ کرنے کی کوشش کی تو شریف خاندان کی سلطنت کے در و دیوار ہل جائیں گے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ انکوائری کمیشن کے فیصلے سے عوام کی ہار اور انصاف کی جیت ہوئی ہے، وہ مفت مشورے نہیں  دیتے اور نہ ہی تحریک انصاف کی کور کمیٹی میں شامل ہوئے ہیں، وہ ہمیشہ چوک اور چوراہے کی سیاست کے حامی رہے ہیں، انہوں نے تحریک انصاف کے مطالبے پر بننے والے انکوائری کمیشن کی کبھی حمایت نہیں کی، درحقیقت یہ تحریک انصاف کا اپنا فیصلہ تھا، انہوں نے تحریک انصاف کو جوڈیشل کمیشن جانے سے منع کیا تھا لیکن عمران خان نے ان کی تجویز پر عمل نہیں کیا تاہم حکومت جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کو اپنی فتح سمجھتی ہے تو یہ عقل کے اندھے ہیں۔

شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی موجودہ حکومت پاکستان کی تاریخ کی کمزور ترین اور غیر مقبول حکومت ہے،وزیراعظم نواز شریف نے ہمیشہ ایک گولی والے پستول سے اپنے پاؤں پرخود گولی ماری ہے، وزیراعظم نواز شریف اور فوج کی الگ الگ راہیں  ہیں  فوج کو چاہئے کہ وہ نواز شریف کو مزید وقت دے تاکہ ان کی اصلیت کھل کر عوام کے سامنے آجائے۔ انہوں  نے کہا کہ سابق چیف جسٹس چوہدری افتخار  سیاسی جماعت بناکر اپنا شوق پورا کر لیں، ان کی غلط فہمی بہت جلد دور ہوجائے گی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔