بھارتی میڈیا پاکستان دشمنی میں مودی سرکار سے بھی آگے؛ گورداس پور حملے کا الزام پاکستان پر لگا دیا

ویب ڈیسک  منگل 28 جولائی 2015

نئی دہلی: بھارتی میڈیا ایک مرتبہ پھر الزام تراشی پر اترآیا اور حال ہی میں کشتی واقعہ کی جعلی تصویریں چلانے پر سبکی کا سامنا کرنے والا میڈیا اب بغیر کسی ثبوت کے ایک مرتبہ پھر گورداس پور میں پولیس اسٹیشن پر حملے کا ذمہ دار پاکستان کو قرار دے رہا ہے۔

حال ہی میں سمندر میں پاکستانی کشتی کو تباہ کرنے کی جعلی تصاویرجاری کرنے اور پھر اس پر سبکی کا سامنا کرنے والے بھارتی میڈیا نے اب نیا شوشہ چھوڑ دیا ہے۔ گزشتہ روز ہونے والے گورداس پورمیں پولیس اسٹیشن پر حملے سے متعلق بھارتی میڈیا نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں 3 افراد کو بھارتی فوج کے یونیفارم پہنے دکھایا گیا ہے تاہم ویڈیو میں تینوں افراد کی شکلیں واضح نہیں اور بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ بھارتی فوج کی وردی میں ملبوس تینوں دہشت گرد پاکستانی علاقے سے بھارتی پنجاب میں داخل ہوئے اورانہوں نے ضلع گورداس پور میں پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا جس کا ذمہ دارپاکستان ہے۔

اس سے قبل بھی بھارتی میڈیا اپنے ملک میں ہونے والے حملوں کے چند ہی گھنٹوں بعد الزام پاکستان پر دھرتا چلا آیا ہے اوراس پر اسے کئی بار سبکی کا سامنا بھی کرنا پڑا لیکن اپنے سیکیورٹی اداروں کی نااہلی کو چھپانے کے لئے بھارتی میڈیا اورنئی دہلی حکومت کا آسان ہدف پاکستان ہوتا ہے جس پرآسانی سے تمام الزامات لگا کر بھارتی عوام کو دھوکے میں رکھ کرانہیں تسلی دے دی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی پنجاب کےضلع گورداس پور میں تین مسلح افراد نے پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں ایس پی گورداس پور سمیت 5 اہلکار سمیت 10 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔