پاکستان سے سیریزمیں گنگولی بھی مخالفت میں کھل کرسامنے آگئے

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 29 جولائی 2015
مشیر کے عہدے پر فائز ہونے والے سابق کپتان نے بھارتی بورڈ کے فیصلے کی تائید کردی  فوٹو: فائل

مشیر کے عہدے پر فائز ہونے والے سابق کپتان نے بھارتی بورڈ کے فیصلے کی تائید کردی فوٹو: فائل

نئی دہلی: گورداس پورکے تھانے میں گذشتہ دن ہونے والے حملے کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان سے کرکٹ روابط بحال کرنے سے انکار کردیا۔

ماضی کی طرح بھارتی حکومت نے دہشت گردی کے اس معاملے میں بھی پاکستان پرالزام دھرنے میں کوئی تاخیرنہیں کی، سابق بھارتی کپتان اورحال ہی میں ملکی بورڈ کے مشیر بنائے جانیوالے سارو گنگولی بھی پاکستان سے سیریز کی مخالفت میں کھل کرسامنے آگئے، گذشتہ برس آئی سی سی کے اسٹرکچرمیں آنے والی تبدیلیوں کے تناظر میں ترتیب دیے گئے نئے ایف ٹی پی میں بھارت نے آئندہ 8 برسوں میں2023 تک پاکستان سے 5 باہمی سیریز کھیلنے کا وعدہ کیا ہے۔

اس حوالے سے دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط ہوچکے ہیں اور اس سلسلے کی پہلی سیریز رواں برس دسمبر میں منعقد ہونا ہے، تاہم گذشتہ دنوں بھارتی بورڈ کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر نے گورداسپور واقعے کے تناظر میں پاکستان سے کرکٹ سیریز کے انعقاد کا امکان رد کردیا تھا، مقامی کمپنی کی پروموشن تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سارو گنگولی نے کہا کہ میرے خیال میں بی سی سی آئی کا یہ کہنا درست ہے کہ دہشت گردی کے ہوتے ہوئے باہمی سیریز کا انعقاد ممکن نہیں ہوگا، کیونکہ بطور انسان ہم سب دہشت گردی کا خاتمہ یقینی بنانا چاہتے ہیں۔

لہذا پاکستان، بھارت کرکٹ سیریز میں ہمیشہ یہ مسئلہ رہے گا، میں 2004 میں پاکستان کا دورہ کرنے والی بھارتی ٹیم کا کپتان رہا ہوں، جہاں پر ہم نے ون ڈے اور ٹیسٹ سیریز جیتی تھی، ہم نے یہ ٹور  15 برسوں کے بعد کیا تھا، آئندہ ماہ دورئہ سری لنکا کے حوالے سے سوالات پر انھوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف دورے میں ملنے والا تجربہ ہمارے پلیئرز کو سری لنکا میں مددگار ثابت ہوگا، ویرات کوہلی، مرالی وجے، اجنکیا راہنے ، لوکیش راہول اور دیگر پلیئرز ہمسایہ ملک کیخلاف سیریز میں ملک کے لیے عمدہ کھیل پیش کرپائیں گے۔

بھارتی ٹیم 12 اگست سے یکم ستمبر تک شیڈول سری لنکا کے دورے میں تین ٹیسٹ میچز کھیلے گی، جس کا پہلا مقابلہ گال میں ہوگا جبکہ دیگردو میچز کولمبو میں شیڈول کیے گئے ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ روی شاستری ٹیم ڈائریکٹر کے طور پر عمدگی سے فرائض انجام دے رہے ہیں اور وہ دورئہ سری لنکا میں بھی بھارتی ٹیم کو سنبھالے رکھیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔