پیوٹن نے بلاٹر کیلئے نوبل امن ایوارڈ کا مطالبہ کردیا

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 29 جولائی 2015
سوئس منتظم کے کرپشن میں ملوث ہونے کا یقین نہیں رکھتا، روسی صدر کا اظہااعتماد ۔  فوٹو : فائل

سوئس منتظم کے کرپشن میں ملوث ہونے کا یقین نہیں رکھتا، روسی صدر کا اظہااعتماد ۔ فوٹو : فائل

ماسکو: امریکا اور یورپ موجودہ فیفا چیف سیپ بلاٹر کے ساتھیوں کو کرپشن الزامات میں گرفتار کررہے ہیں تو دوسری جانب روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے سوئس منتظم کو نوبل کے امن انعام کا حقدار گردانا ہے۔

سوئس ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں روسی صدر پیوٹن نے کہا ہے کہ بلاٹر جیسے لوگوں یا پھر عالمی کھیلوں کی فیڈریشن یا اولمپکس گیمز سے منسلک سربراہان کی خصوصی طور پر قدر کی جانی چاہیے۔ میری دانست میں فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کے صدر بلاٹر امن کے نوبل انعام کے حقدار ہیں، خیال رہے کہ فٹبال کی ورلڈ گورننگ باڈی سردست کرپشن الزامات کی زد میں ہے، 2018 کے عالمی کپ کی میزبانی روس کو دیے جانے کی تحقیقات بھی ہو رہی ہیں، رواں ماہ کے آغاز میں فیفا کے صدر سیپ بلاٹر نے الزام عائد کیا تھا کہ 2010 میں جب بالترتیب قطر اور روس میں عالمی مقابلے کرانے کیلیے رائے شماری کی جاری رہی تھی تو تنظیم پر فرانس کے سابق صدر نکولس سرکوزی اور ان کے جرمن ہم منصب کرسچن وولف نے دباؤ ڈالا تھا۔

یاد رہے کہ سیپ بلاٹر نے کرپشن اسکینڈل منظرعام پر آنے کے بعد 2 جون کو اپنا عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا اور اس حوالے سے انھوں نے اپنے جانشین کا انتخاب کرنے کیلیے آئندہ برس فروری میں فیفا کی کانگریس کا غیرمعمولی اجلاس طلب کرلیا ہے، پیوٹن نے مزید کہا کہ اس وقت بلاٹر کے اردگرد جو حالات پیدا ہورہے ہیں میں اس سے آگاہ ہوں، تاہم میں ان تفصیلات میں نہیں جانا چاہتا، مگر میں ان کے کرپشن میں ملوث ہونے کے بارے میں کہے جانے والے کسی لفظ پر یقین نہیں رکھتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔