دہشت گردوں کے خلاف اتحاد کی ضرورت

ایڈیٹوریل  جمعرات 30 جولائی 2015
دنیا امن کی متلاشی ہے، دہشت گردوں کے خلاف تمام اقوام کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ فوٹو : فائل

دنیا امن کی متلاشی ہے، دہشت گردوں کے خلاف تمام اقوام کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ فوٹو : فائل

امن عالم کو جس قدر نقصان دہشت گردوں و شرپسندوں نے پہنچایا ہے اس کے تناظر میں یہ ضروری ہوگیا ہے کہ تمام اقوام عالم مل کر ان عناصر کے خلاف اٹھ کھڑی ہوں جو اپنے ذاتی مفادات، خودساختہ افکار کی ترویج اور متشددانہ رویوں کے باعث انسانیت کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں۔

گزشتہ روز امریکی صدر بارک اوباما نے افریقی یونین کے ہیڈ کوارٹرز میں اپنے تاریخی خطاب میں کہا ہے کہ امریکا دہشتگردی کے خاتمہ اور علاقائی تنازعات کو ختم کرنے کے لیے افریقہ کے ساتھ کھڑا ہے، ساتھ ہی انھوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ افریقی ممالک کی ترقی، تحفظ اور امن پر منحصر ہے۔ واضح رہے کہ صدر اوباما 54 ممالک پر مشتمل افریقی یونین سے خطاب کرنے والے پہلے امریکی صدر بھی بن گئے ہیں۔

اوباما کا کہنا تھا کہ امریکا افریقی یونین کی افواج کی پشت پر کھڑا ہے اور ان بہادر افریقی امن کے محافظوں کو سلام پیش کرتا ہے جو صومالیہ اور نائیجیریا سے مالی اور تیونس تک شہریوں کو نشانہ بنانے والے عسکریت پسندوں سے لڑ رہے ہیں۔ انھوں نے صومالیہ میں شباب، نائیجیریا میں بوکوحرام، مالی اور تیونس میں شدت پسندوں اور وسطی افریقہ میں یوگنڈا لارڈ ریزسٹنس آرمی کے باغیوں کی طرف سے حملوں کی طرف خبردار کرتے ہوئے افریقی یونین کی فوج کی دلیرانہ کارروائیوں کی تعریف کرتے ہوئے انھیں خراج تحسین بھی پیش کیا۔ پاکستان ایک عشرے سے زائد دہشت گردی کی اس جنگ میں برسرپیکار ہے۔

افسوس ناک امر یہ ہے کہ دہشت گردوں اور شدت پسندوں کی یہ تنظیمیں اپنے ذاتی مقاصد کے لیے مذہب اسلام کا نام استعمال کرتی ہیں جب کہ تمام علمائے کرام یہ واضح کرچکے ہیں کہ ان شدت پسند مذہبی تنظیموں اور مذہب اسلام کا نام لے کر قتل و غارت کرنے والے گروپوں کا حقیقی اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ دہشت گرد چاہے جس قوم و مذہب سے تعلق رکھتا ہو وہ انسانیت کا دشمن ہے اور اقوام عالم کو بھی شدت پسندوں کے خلاف بنا تفریق مذہب و ملت کارروائی عمل میں لانا ہوگی۔

چاہے وہ مذہب اسلام کا نام استعمال کرنے والے دہشت گرد ہوں یا روہنگیا مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑنے والے بدھ مت کے پیروکار۔ انسانیت کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، یہ جنگ انسانوں اور شیطان کے پیروکاروں کے درمیان ہے۔ دنیا امن کی متلاشی ہے، دہشت گردوں کے خلاف تمام اقوام کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔