اسپیشل اولمپکس میں پاکستان نے پہلا گولڈ میڈل جیت لیا

امجد عزیز ملک / نمائندہ خصوصی / ایجنسیاں  جمعرات 30 جولائی 2015
باسکٹ بال میں پاکستان کے خصوصی کھلاڑیوں نے پرتگال کو پہلے راؤنڈ میں واضح فرق 23-10 ہرا دیا۔فوٹو : فائل

باسکٹ بال میں پاکستان کے خصوصی کھلاڑیوں نے پرتگال کو پہلے راؤنڈ میں واضح فرق 23-10 ہرا دیا۔فوٹو : فائل

لاس اینجلس: لاس اینجلس اسپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز میں پاکستان نے پہلا گولڈ میڈل حاصل کرلیا، 27 سالہ عاصم زار 100 میٹر فری اسٹائل سوئمنگ ایونٹ میں سرخرو رہے، سوئمر اقصیٰ احمد جنجوعہ، سائیکلسٹ  میمونہ حسین اور خدیجہ عرفان نے سلورمیڈلز جیتے، مینز سائیکلسٹ سلمان صدیقی اور عثمان سعید نے پاکستان کو کانسی کے تمغوں کا حقدار بنادیا۔

امریکی شہر لاس اینجلس میں جاری اسپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز میں پاکستانی کھلاڑی بھی میڈلز کی دوڑ میں شامل ہوگئے، 100 میٹر فری اسٹائل سوئمنگ میں عاصم زر نے پاکستان کو پہلا گولڈ میڈل جتوایا،  جاری گیمز میں کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کا یہ پہلا تمغہ تھا، یادرہے کہ عاصم زار اس سے قبل اسپیشل اولمپکس سمر گیمز میں بھی گولڈ میڈل جیت چکے تھے لیکن منتظمین نے وجوہات بتائے بغیرجمیکا کے جو ناتھن کو گولڈ میڈل کا حقدار ٹھہرایا تھا۔

27 سالہ ایتھلیٹ نے 2007 کے اسپیشل اولمپکس میں دو سلور میڈل جیتے تھے۔ دوسری طرف اقصیٰ احمد جنجوعہ نے بھی تیراکی میں چاندی کا تمغہ حاصل کر کے میڈلز ٹیبل پر اپنا نام درج کروا لیا۔ انھوں نے 50 میٹر فری اسٹائل مقابلوں میں58.40 سکینڈ میں مقررہ ہدف عبورکیا، چین  کی لیو نے سونے کا تمغہ جیتا جنھوں نے 55.90 سیکنڈ میں اختتام کیا، کانسی کا تمغہ سلوینیا کی شکرج ایما کے حصے میں آیا۔ سائیکل ریس میں میمونہ حسین نے بھی پاکستان کا سبز ہلالی پرچم سربلند کرتے ہوئے چاندی کا تمغہ جیتا۔انھوں نے500 میٹر کا فاصلہ 1.5.72 منٹ میں  طے کیا ۔پہلے نمبر پر1.14.58منٹ کیساتھ  بھارتی  میرا کماری رہیں ۔

ایک دوسرے مقابلے میں500 میٹر ٹائم اینڈ ٹرائل ریس میں خدیجہ عرفان نے بھی قومی دستے کو چاندی کا تمغہ دلادیا ، انھوں نے 2.23.44 منٹ کیساتھ دوسری پوزیشن حا صل کی ۔لڑکوں کے ٹائم اینڈ ٹرائل500 میٹر ریس میں پاکستان کے سلمان صدیقی اور عثمان سعید نے دو چاندی اور دو کانسی کے تمغوں کیساتھ دن کا اختتام کیا۔ پاکستانی دستے میں شامل دو بچیوں عزمہ یوسف اورسنبل یوسف نے  ٹائم اینڈ ٹرائل ریس میں آٹھویں پوزیشن حاصل کی ۔

ادھر باسکٹ بال میں پاکستان کے خصوصی کھلاڑیوں نے پرتگال کو پہلے راؤنڈ میں 23-10 ہرا دیا ۔ یاد رہے پاکستان کیساتھ ڈویژن تھری میں اسرائیل اور پولینڈ بھی شامل ہیں۔اس مقابلے کے دوران اسپیشل اولمپئن محمد عثمان  نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا وہ میچ کے ٹاپ اسکورر رہے ،انھوں نے12 پوائنٹ حاصل کیے ،اختر علی نے 2 ، زاہد محمد  زبیری نے 4 پوائنٹ جبکہ وحید الرحمان نے 5پوائنٹ پائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔