پاکستان نے سری لنکا کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست دے دی

ویب ڈیسک  جمعرات 30 جولائی 2015
پاکستان کی جانب سے سہیل تنویر نے 3 اور انور علی نے 2 وکٹیں حاصلی کیں - فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کی جانب سے سہیل تنویر نے 3 اور انور علی نے 2 وکٹیں حاصلی کیں - فوٹو: اے ایف پی

کولمبو: پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سری لنکا کو 29 رنز سے شکست دے کر 2 میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔

کولمبو کے پریمادا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو جیت کے لیے 176 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب سری لنکا کی جانب سے کشال پریرا اور دلشان نے بیٹنگ کا آغاز کیا، پریرا پہلے ہی اوور میں انور علی کا شکار بنے وہ صرف 4 رنز بنا سکے جب کہ دوسرے اوور میں سہیل تنویر نے دلشان کو بھی 6 رنز پر آوٹ کیا اور کیتھروان ویتھانگے کو بھی سہیل تنویر نے ایک رنز پر آوٹ کیا۔ سری لنکا کی 3 وکٹیں 19 رنز پر گرنے کے بعد کپتان میتھیوز نے ڈی سلوا کے ہمراہ 36 رنز کی شراکت قائم کی تاہم میتھیوز 23 اور ڈی سلوا 31 رنز پر آوٹ ہوئے۔ ملینڈا سری وارندانے نے آخری لمحات میں متاثر کن کھیل پیش کیا تاہم وہ 35 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کی جانب سے سہیل تنویر نے3 ،انور علی نے 2 جب کہ شعیب ملک اور عماد وسیم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 175 رنز بنائے، احمد شہزاد اور مختار احمد نے اننگز کا آغاز کیا تاہم مختار 10 رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے تاہم احمد شہزاد ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 46 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جب کہ محمد حفیظ محض 17 رنز ہی بناسکے۔ شعیب ملک اور عمر اکمل نے مڈل آرڈر میں اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 81 رنز کی شراکت قائم کی عمر اکمل46 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جب کہ  شعیب ملک 46 رنز پر ناٹ آوٹ رہے۔ واضح رہے آج کے میچ میں ٹی ٹوئنٹی کے نائب کپتان سرفراز احمد کو میچ سے ڈراپ کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔