برطانیہ میں گولڈ فش کا آپریشن کرکے اسے کینسر سے نجات دلا دی گئی

ویب ڈیسک  جمعـء 31 جولائی 2015
گولڈ فش کے آپریشن پر 400 پونڈ خرچ کیے گئے جس سے ایسی سیکڑوں مچھلیاں خریدی جاسکتی ہیں۔فوٹو فائل

گولڈ فش کے آپریشن پر 400 پونڈ خرچ کیے گئے جس سے ایسی سیکڑوں مچھلیاں خریدی جاسکتی ہیں۔فوٹو فائل

ڈربی: برطانیہ میں ڈاکٹروں نے گولڈ فش کو بچانے کے لیے ایک گھنٹے تک اس کا کامیاب آپریشن کیا اوراس میں دلچسپ بات یہ ہےکہ اس پر تقریبا 400 برطانوی پاؤنڈ (45000 روپے) خرچ آیا جس سے ایسی سیکڑوں مچھلیاں خریدی جاسکتی ہیں۔

2 سالہ اور ساڑھے 3 انچ لمبی اس گولڈ فش کے سرپرکینسر کا پھوڑا نکل آیا جسے ختم کرنے کے لیے ڈاکٹروں نے آپریشن سے قبل مچھلی کوبے ہوش کیا، اس آپریشن کو مچھلیوں کے سب سے مشہور سرجن ٹام ہیکنے نے انجام دیا جو برطانوی شہر ڈربی میں جانوروں کے ایک بہت بڑے اسپتال کے مالک بھی ہیں اور انہیں مچھلیوں کا سرجن بھی کہا جاتا ہے۔

مچھلی شروع میں تیرتے ہوئے ایک جانب کو جارہی تھی اور کبھی کبھی رک بھی جاتی تھی، ڈاکٹروں کی جانب سے آپریشن کے لیے مچھلی کو بے ہوش کیا گیا جب کہ اس قبل اتنے چھوٹے جانورکو آپریشن کے لیے بے ہوش نہیں کیا گیا تھا۔ سرجن ٹام ہیکنے کے مطابق یہ اب تک کسی چھوٹی مچھلی پر کیا گیا سب سے پیچیدہ ترین آپریشن تھا اور اس کے لیے انہیں بہت مطالعہ کرنا پڑا تھا جب کہ آپریشن جلدی کرنا تھا کیونکہ مچھلی کو اتنی دیر پانی سے باہر نہیں رکھا جاسکتا تھا۔

اس کامیاب آپریشن کے بعد مچھلی کو ٹانکے لگائے گئے اور اس پر زخم درست کرنے کی کریم لگائی گئی جس کے بعد اب مچھلی مکمل طورپرصحت یاب ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔