ہما قریشی ’’دی وائسرائے ہاؤس‘‘ میں رومانوی کردارنبھائیں گی

شوبز ڈیسک  ہفتہ 1 اگست 2015
فلم تاریخی کے ساتھ لواسٹوری بھی ہوگی،شوٹنگ کیلیے جودھ پور اور راجستھان میں لوکیشن فائنل کرلیں ،ہدایتکارگوریندرچڈا  فوٹو: فائل

فلم تاریخی کے ساتھ لواسٹوری بھی ہوگی،شوٹنگ کیلیے جودھ پور اور راجستھان میں لوکیشن فائنل کرلیں ،ہدایتکارگوریندرچڈا فوٹو: فائل

ممبئی: ’’بینڈ اٹ لائیک بیکھم‘‘ اور’’برائیڈ اینڈپریجوڈائس‘‘ (Bride & Prejudice) بنانے والی ہدایتکارہ گوریندر چڈا نے بھارتی کرداروں پر مبنی ایک اورانگلش فلم بنانے کی تیاری شروع کر دی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گوریندر چڈا بھارت کی آزادی سے قبل برطانوی حکومت کے انڈیا میں آخری وائسرئے لارڈ مونٹ بیڈن پرفلم بنا رہی ہیں۔1940ء کے دور پر بنائی جانے والی فلم ’’دی وائسرائے ہاؤس‘‘ لو اسٹوری ہوگی جس میں انھوں نے رومانوی کردار نبھانے کے لیے بالی ووڈ اداکارہ ہماقریشی کو منتخب کرلیا ہے۔

گوریندر چڈا نے کہا ہے کہ انھوں نے بھارت کی آزادی پربنائی جانے والی اس فلم کا اسکرپٹ تحریرکرنے کے لیے دو کتابوں نریندر سنگھ سارلا کی کتاب ’’دی شیڈو آف دی گریٹ گیم‘‘ اور لیری کولینزاورڈومینیو لاپیری کی کتاب ’’ فریڈم ایٹ مڈ نائٹ‘‘ سے مدد لی ہے۔ گوریندر چڈا کا کہنا ہے کہ یہ فلم تاریخی ہونے کے ساتھ ساتھ ایک لو اسٹوری بھی ہوگی اور اس میں ہما قریشی ایک اہم کردار نبھائیں گی۔

ادھر بالی ووڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ ’’دی وائسرائے ہاؤس‘‘ میں ہالی ووڈ اداکار کولین فرتھ ’’لارڈ ماؤنٹ بیڈن‘‘ بالی ووڈ اداکار نصیرالدین شاہ ’’ قائد اعظم محمد علی جناح‘‘ اور سیف علی خان ’’جواہر لال نہرو‘‘کا کردار نبھائیں گے۔ فلم کی ہدایتکارہ گوریندر چڈا نے ابھی تک فلم کی دیگر کاسٹ کے متعلق مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے اور انھوں نے یہ بھی واضح نہیں کیا ہے کہ ہما قریشی کس مشہور خاتون شخصیت کا کردار نبھائیں گی۔

تاہم انھوں نے یہ ضرور کہا ہے کہ ’’دی وائسرائے ہاؤس‘‘ کی شوٹنگ برطانیہ کے ساتھ ساتھ بھارت کے شہروں جودھ پور اور راجستھان میں بھی کی جائے گی جس کے لیے لوکیشنز فائنل کرلی گئی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔