فیس بک کے بانی مارک زیوکربرگ کے ہاں ننھے مہمان کی آمد جلد متوقع

ویب ڈیسک  ہفتہ 1 اگست 2015
میرا اور اہلیہ کی زندگی کا نیا باب شروع ہو نے جا رہا ہے،مارک زیوكربرگ۔ فوٹو: فائل

میرا اور اہلیہ کی زندگی کا نیا باب شروع ہو نے جا رہا ہے،مارک زیوكربرگ۔ فوٹو: فائل

کیلی فورنیا: فیس بک کے بانی مارک زیوكربرگ اوران کی اہلیہ پریسیلا چین  کی زندگی کا نیا باب شروع ہونے جارہا ہے جس کا اظہار زیوکربرگ نے اپنے فیس بک پیج پر کیا۔ 

مارک زیوكربرگ نے اپنے فیس بک صفحے پر اپنی اہلیہ کے ہمراہ ایک تصویر پوسٹ کی جس میں انہوں نے اعلان کیا ہے کہ ان کے پاس سب سے بڑی خوشخبری ہے اور وہ یہ کہ ان کی اہلیہ امید سے ہیں اور وہ بہت جلد بیٹی کے باپ بننے والے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے ان کی بیوی کا تین باراسقاط حمل ہوچکا ہے لیکن اس بارخطرہ کم ہے۔

مارک زیوکربرگ نے اپنے فیس بک صفحے پراسقاط حمل کے حوالے سے بھی لکھا کہ بہت سے لوگ ان جیسی چیزوں پربات کرنا نہیں چاہتے لیکن انہیں لگتا ہے کہ ان باتوں سے لوگ ان سے دور ہونے لگیں گے یا پھر وہ ان پراثراندازہوں گے دراصل اس طرح کا رویہ اختیار کرنے سے وہ لوگ خود کو مشکلات میں ڈالتے ہیں۔

فیس بک کے بانی کا کہنا تھا کہ ان کی زندگی کا ایک نیا باب شروع ہونے جارہا ہے جب کہ ان کی بیوی پریسیلا بطورڈاکٹراور وہ بطور بانی فیس بک پہلے ہی خوش قسمت ہیں جو پوری دنیا کے ساتھ  سوشل میڈیا کے ذریعے جڑے ہوئے ہیں اور وہ اپنی آنے والی بچی سمیت نئی نسل کے لیے دنیا کو مزید بہتربنانا چاہتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔