عالمی بینک پاکستان کے ٹیکس نظام کی پیچیدگیاں دورکرے گا

ارشاد انصاری  اتوار 2 اگست 2015
عالمی بینک مشن فیڈرل بورڈ آف ریونیو حکام کے ساتھ مل کر آئی ٹی ماسٹر پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لے گا تاکہ ایف بی آر کے آئی ٹی سسٹم کو فعال و بہتر بنایا جاسکے۔ فوٹو: فائل

عالمی بینک مشن فیڈرل بورڈ آف ریونیو حکام کے ساتھ مل کر آئی ٹی ماسٹر پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لے گا تاکہ ایف بی آر کے آئی ٹی سسٹم کو فعال و بہتر بنایا جاسکے۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے عالمی بینک کے تعاون سے انفارمیشن ٹیکنالوجی ماسٹر پلان اور اس پر عملدرآمد کے لیے روڈ میپ کا مسودے تیار کرلیا ہے۔

اس ضمن میں ،،ایکسپریس،،کو دستیاب دستاویز کے مطابق ایف بی آر نے مذکورہ دونوں مسودوں کی کاپیاں عالمی بینک جائزہ مشن کو فراہم کردی ہیں اورعالمی بینک کے کنسلٹنٹ آوین کرسول اور چارلس بلانوکو یہ مسودے بھجوائے گئے ہیں جن کے ساتھ اس حوالے سے پہلی ٹیکنیکل سطح کی میٹنگ بھی ہوچکی ہے ۔

جس میں آئی ٹی ماسٹر پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے شروع کی جانے والی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا ہے جو ایف بی آر کے ممبر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور پرال کی ٹیم نے شروع کر رکھی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس پلان پر عملدرآمد کے بارے میں اب رپورٹ تیار کی جائے گی جس کے لیے عالمی بینک کا جائزہ مشن پیر کو دوبارہ پاکستان آرہا ہے اور اس کے بارے میں ایف بی آر اور اس کے ماتحت اداروں کے حکام سے ملاقاتیں کرے گا اور ستمبر 2015 تک پہلی رپورٹ کو حتمی شکل دی جائے گی۔

اس بارے میں ایف بی آر کے ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ پلان پر عالمی بینک  کی جانب سے اقتصادی امور ڈویژن کو لیٹر لکھا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اقتصادی ترقی کی رفتار تیز کرنے اور ریونیو بڑھانے کے لیے قائم ٹرسٹ فنڈ (ٹی اے جی آر) کے تحت فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ساتھ ورک پروگرام طے پاگیا ہے اور ایف بی آر کی جانب سے عالمی بینک کو فراہم کیے جانے والے ورک پروگرام پر عملدرآمد کے لیے عالمی بینک اور ایف بی آر کے درمیان ٹیکس پالیسی اور ٹیکس ایڈمنسٹریشن کے شعبوں میں تکنیکی معاونت کی ترجیحات کے تعین کے لیے مذکرات جاری ہیں۔ دستاویز میں بتایا گیاکہ مذکورہ ورک پروگرام کے تحت عالمی بینک اور ایف بی آر کے درمیان ریونیو ایڈمنسٹریشن کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کے لیے بھی اتفاق ہوا ہے۔

اس کے علاوہ ٹیکسوں کے نظام میں پائی جانے والی پیچیدگیوں کو دور کرکے سادہ و آسان بنایا جائے گا اور ٹیکس بیس کو بڑھایا جائے گا، علاوہ ازیں ٹیکس انتظامیہ کی اہم ذمے داریوں کو بھی مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ ذرائع نے بتایاکہ عالمی بینک کا جائزہ مشن پیر سے پاکستان کے دورے پر آرہا ہے اور عالمی بینک مشن فیڈرل بورڈ آف ریونیو حکام کے ساتھ مل کر آئی ٹی ماسٹر پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لے گا تاکہ ایف بی آر کے آئی ٹی سسٹم کو فعال و بہتر بنایا جاسکے اور مسائل کا آئی ٹی ڈائیگناسٹک سسٹم بھی متعارف کرایاجائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔