ہیمبرگ مینز ٹینس، رافیل نڈال نے فوگنینی کو پچھاڑ کر ٹائٹل جیت لیا

اسپورٹس ڈیسک  پير 3 اگست 2015
فائنل میں تجربہ کار اطالوی حریف کو اسٹریٹ سیٹ میں 7-5 اور7-5 سے شکست دے دی۔ فوٹو: اے ایف پی

فائنل میں تجربہ کار اطالوی حریف کو اسٹریٹ سیٹ میں 7-5 اور7-5 سے شکست دے دی۔ فوٹو: اے ایف پی

ہیمبرگ: ٹاپ سیڈ رافیل نڈال نے فابیو فوگنینی سے انتقام لیتے ہوئے ہیمبرگ کلے کورٹ ٹائٹل جیت لیا،سوئس مینز ٹینس کی ٹرافی ڈومنیک تھیم کے نام ہوگئی، انھوں نے فائنل میں ڈیوڈ گوفن کو ٹھکانے لگایا، باکو ویمنز ٹینس میں روس کی مارگریٹا گیسپریان نے کیریئر میں پہلی ڈبلیو ٹی اے ٹرافی قبضے میں کرلی۔

تفصیلات کے مطابق ٹاپ سیڈ رافیل نڈال نے فابیو فوگنینی سے انتقام لیتے ہوئے ہیمبرگ کلے کورٹ ٹائٹل جیت لیا، انھوں نے فائنل میں تجربہ کار اطالوی حریف کو اسٹریٹ سیٹ میں 7-5 اور7-5 سے شکست دے دی، کامیابی کی بدولت نڈال کو اعتماد بھی ملا جو حالیہ دنوں میں ملنے والی پے درپے شکستوں سے پریشان تھے، روان سیزن میں فوگنینی نے دو مرتبہ نڈال کو مات دی تھی، جس میں ریو ڈی جنیرو اور بارسلونا ایونٹ شامل تھے لیکن ہیمبرگ میں فتح کی بدولت نڈال نے ان سے حساب چکتا کرلیا، نڈال نے دوسری مرتبہ ہیمبرگ میں چیمپئن بننے کا اعزاز پایا اس سے قبل انھوں نے یہاں 2008 میں بھی فائنل جیتا تھا، اس فتح کے ساتھ ان کے کلے کورٹ ٹائٹلز کی تعداد 47 ہوگئی، دوسری جانب سوئس مینز ٹینس کی ٹرافی آسٹریا کے ڈومنیک تھیم کے نام ہوگئی، انھوں نے فیصلہ کن معرکے میں ڈیوڈ گوفن کو 7-5 اور6-2 سے قابو کیا، یہ تھیم کے کیریئر کا تیسرا اے ٹی پی ٹائٹل رہا۔

انھوں نے مئی میں نائس اور گذشتہ ہفتے اومیگ میں بھی چیمپئن بننے کا اعزاز پایا تھا، تھیم نے ٹائٹل تک رسائی کے سفر میں سیکنڈ سیڈ فلکیانو لوپز کو سیمی فائنل جبکہ 7 سیڈ پبلو کارینو بسٹا کو کوارٹر فائنل میںٹھکانے لگایا تھا۔اٹلانٹا مینز ٹینس کے سیمی فائنلز میں ٹاپ سیڈ امریکی جون اسنر نے ہموطن ڈینس کڈلا کو 4-6، 6-2 اور7-5 سے ہرادیا،مارکوس بغدیتس نے لگسمبرگ سے تعلق رکھنے والے جائلزمولر کو6-7 (4/7)، 6-3 ،7-6 (7/4) سے شکست دی۔ادھر باکو ویمنز ٹینس میں روس کی مارگریٹا گیسپریان نے کیریئر میں پہلی ڈبلیو ٹی اے ٹرافی جیت لی، انھوں نے فائنل میں رومانیہ سے تعلق رکھنے والی پیٹریشا ٹگ کو 6-3 ، 5-7 اور6-0 سے مات دی، 20 سالہ مارگریٹا سردست عالمی رینکنگ میں 112ویں پوزیشن پر موجود ہیں لیکن حالیہ فتح کے نتیجے میں اس میں بہتری متوقع ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔