ایک سال میں  ٹماٹر 79.6 فیصد، پیاز 43.6 اورمرغی 20.3 فیصد مہنگی ہوئی، وفاقی ادارہ شماریات

ویب ڈیسک  پير 3 اگست 2015
مردم شماری آئندہ برس  مارچ اپریل میں شروع کردی جائے گی، چیف وفاقی ادارہ شماریات۔ فوٹو: فائل

مردم شماری آئندہ برس مارچ اپریل میں شروع کردی جائے گی، چیف وفاقی ادارہ شماریات۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: چیف وفاقی ادارہ شماریات آصف باجوہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ٹماٹر 79.6 فیصد، پیاز 43.6 اورمرغی 20.3 فیصد مہنگی ہوئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق آصف باجوہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران مہنگائی کی شرح میں 1.8فیصد جب کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران مہنگائی کی شرح 0.3 فیصد اضافہ ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ٹماٹر کی قیمت میں 79.6 فیصد، پیاز کی قیمت میں 43.6 فیصد جب کہ چکن کی قیمت میں 20.3 فیصد اضافہ ہوا۔

آصف باجوہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران پھلوں کے ریٹ میں 7.2 فیصد، آلو کے ریٹ میں 6.8 فیصد، چینی کی قیمت میں 5.3 فیصداضافہ ہوا۔ انھوں نے بتایا کہ ملک میں مردم شماری کی تیاری شروع کردی گئی ہے جس میں فوج کا مکمل تعاون حاصل ہوگا، مردم شماری آئندہ برس  مارچ اپریل میں شروع کردی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔