سانحہ صفورا کے ملزمان کے خلاف چالان عدالت میں پیش

ویب ڈیسک  پير 3 اگست 2015
سانحہ صفورا میں استعمال ہوئےاسلحےکےخول اورملزمان سےملااسلحہ ایک جیسا ہے،چالان کا متن فوٹو: فائل

سانحہ صفورا میں استعمال ہوئےاسلحےکےخول اورملزمان سےملااسلحہ ایک جیسا ہے،چالان کا متن فوٹو: فائل

 کراچی: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے سانحہ صفورا کے ملزمان کے خلاف چالان عدالت میں پیش کردیا ہے جس میں سبین محمود قتل اور امریکی ڈاکٹر ڈیبرا لوبو پر حملے سمیت 18 الزامات عائد کئے گئے ہیں۔

کراچی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سانحہ صفورا سے متعلق مقدمے کی سماعت ہوئی، اس موقع پرسانحے کے ملزمان طاہر حسین عرف سائیں، سعدعزیز، ناصر،اظہرعشرت اور اسدالرحمان کو پیش کیا گیا، سماعت کے دوران کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے انسپکٹر فیاض قادری نے ملزمان کے خلاف دھماکا خیزمواد وغیرقانونی اسلحہ رکھنے اور پولیس مقابلے کے الزامات میں چالان پیش کیا۔

ملزمان کے خلاف چالان میں سانحہ صفورا کے علاوہ سبین محمود قتل اور امریکی ڈاکٹر ڈیبرا لوبو پر حملے سمیت 18 الزامات عائد کئے گئے ہیں۔ چالان میں کہا گیا ہے کہ سانحہ صفورا میں ملوث ملزمان میں سے 5 کو گرفتار کیا گیا ہے جب کہ دیگر کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں، یہ ملزمان پولیس مقابلے کے بعد گرفتار کئے گئے۔ ملزمان سے 5 پستول، 2کلاشنکوف، 5 دستی بم، ایک استعمال شدہ بم اور 7 لیپ ٹاپ برآمد ہوئے، سانحہ صفورا میں استعمال ہونے والی گولیوں کے خول اورملزمان سے ملا اسلحہ ایک جیسا ہے، اس کے علاوہ لیپ ٹاپ سے وارداتوں کی منصوبہ بندی کے شواہد بھی ملے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔