میٹرک بورڈ میں احتجاج کرنیوالے فیل طلبا کے نتائج کی اسکروٹنی،99فیصد ناکام نکلے

اسٹاف رپورٹر  منگل 4 اگست 2015
 10اسکولوں نے فزکس پریکٹیکل کے نتائج کی کاپی جمع نہیں کرائی،800 طلبا متاثر ہوئے،مسئلہ حل ہوگا،ناظم امتحانات ۔  فوٹو : ایکسپریس

 10اسکولوں نے فزکس پریکٹیکل کے نتائج کی کاپی جمع نہیں کرائی،800 طلبا متاثر ہوئے،مسئلہ حل ہوگا،ناظم امتحانات ۔ فوٹو : ایکسپریس

 کراچی:  ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی میں2 روز تک احتجاج کرنے والے میٹرک کے فیل طلبا کی کاپیوں کی خصوصی اسکروٹنی کاعمل مکمل ہوگیا،اسکروٹنی کے نتیجے میں احتجاج کرنے والے99فیصدطلبا کے جاری کردہ نتائج درست اورمتعلقہ طلبا کے ریاضی، طبعیات اورانگریزی کے پرچوں میں فیل ہونے کا انکشاف ہوا ۔

اس سلسلے میں طلبا کی کاپیوں کی اسکروٹنی پیرکی رات گئے تک جاری تھی، بورڈ ذرائع کے مطابق 300 کے قریب اپنے نتائج سے ناخوش ان طلبا میں سے بیشتران پرچوںمیں فیل تھے جس میں انھوں نے احتجاج کے بعد اسکروٹنی کی درخواست دی تھی ، ادھر’’ایکسپریس‘‘ کے رابطہ کرنے پرثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے ناظم امتحانات نعمان احسن نے معاملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ احتجاج کرنے والے طلبا کی کاپیوں کی اسکروٹنی کاعمل مکمل ہوگیا اور ان میں سے99  فیصدطلبا طبعیات،ریاضی اورانگریزی کے پرچوں میں فیل ہیں۔

طلبا کی کاپیوں کی اسکروٹنی کے لیے ایگزامینر اورہیڈ ایگزامینرکی خدمات لی گئی تھیں ،ناظم امتحانات کاکہنا تھا کہ شفاف نتائج کے سبب بعض مافیا کے افراد طلبا کو استعمال کرنے کی کوشش کررہے ہیں ،واضح رہے کہ ان طلبا نے ایک بارپھرپیرکوبورڈمیں احتجاج کیاتھا اوراپنے نتائج کی تصدیق کامطالبہ کیا تھا ، ادھر بورڈ کے اعلامیے کے مطابق چیئرمین پروفیسر انوار احمد زئی نے کہا ہے کہ کسی بیرونی مداخلت اور دباؤ کے بغیر میٹرک کے امتحانات کے شفاف نتائج کے اعلان کے بعد بعض طلبہ کو اپنے نتائج کی تصدیق درکار تھی۔

جس کی روشنی میں انھوں نے فیصلہ کیا کہ ایسے امیدوار اسکروٹنی کا فارم داخل کراسکتے ہیں جس کے لیے فوری طور پر ہر مضمون کے ہیڈ ایگزامینر، ڈپٹی ہیڈ ایگزامینر اور سینئر اساتذہ پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں جو ایسی درخواستوں کا جائزہ لے کر 5دن میں متعلقہ امیدوار وں کو ان کے امتحانی پوزیشن سے آگاہ کردیا جائے گا ،اسکروٹنی کے لیے40دن ہوتے ہیں لیکن طلبا کی سہولت کے لیے اس مدت کو مختصر کرکے 5دن کردیا گیا،انھوں نے مزید بتایا کی طلبہ کو اسکروٹنی فارم کے ساتھ صرف اپنے ایڈمٹ کارڈ کی کاپی منسلک کرنا ہوگی ،یہ فارم نیشنل بینک، حبیب بینک لمیٹڈاور عسکری کمرشل بینک بورڈ آفس بوتھ سے حاصل کرکے وہیں جمع کرائے جاسکتے ہیں ۔

انھوں نے یہ بھی بتایا کہ 10تعلیمی ادارے ایسے ہیں جنھوں نے اپنے طلبا کے فزکس پریکٹیکل کے نتائج پر مشتمل کاپیاں اب تک جمع نہیں کرائی ہیں جس کی وجہ سے 800 طلبہ متاثر ہوئے ہیں اُن کے مسئلہ کو بھی ترجیحی بنیاد پر حل کیا جا رہا ہے۔

ایسے اسکولوں میں دی ہائی برو اسکول ،  7-C-22, بلاک آئی نارتھ ناظم آباد،سر سید چلڈرن اکیڈمیD-17رضویہ سوسائٹی ناظم آباد، باب ُ العلم پبلک سیکنڈری اسکول B,75,77لیاقت آباد، کے بی گرامر اکیڈمی A-121بلاک 17ایف بی ایریا گلبرگ،آل سینٹس ہائی اسکول پلاٹ نمبر 67بلاک 13-Eگلشن اقبال، نیازی گرامر پرائمری و سیکنڈری اسکول محمود آباد نمبر6،عائشہ پبلک اسکول سیکٹر Aعوامی چوک منظور کالونی،فریال ماڈل اکیڈمی گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول ماڈل کالونی،کراچی کریسنٹ سیکنڈری اسکول L259-260سیکٹر 48/C کورنگی نمبر ڈھائی اور اے بی ایس گرامر اسکول B-13  سیکٹر 7/A سرجانی ٹاؤن شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔