احتجاج کے باعث گجرنالے سے تجاوزات صاف نہ ہوسکیں

اسٹاف رپورٹر  منگل 4 اگست 2015
گجرنالے کے اطراف رہائشیوں کااحتجاج،تجاوزات کیخلاف مہم کامعلوم نہیں،مکین ۔  فوٹو : ایکسپریس

گجرنالے کے اطراف رہائشیوں کااحتجاج،تجاوزات کیخلاف مہم کامعلوم نہیں،مکین ۔ فوٹو : ایکسپریس

 کراچی:  بلدیہ عظمیٰ پیرکو مکینوں کے احتجاج کے باعث گجرنالے سے تجاوزات مسمار نہ کرسکی، بلدیہ عظمیٰ کے محکمہ انسداد تجاوزات نے ڈپٹی کمشنر وسطی سے رینجرز طلب کرنے کی درخواست کی ہے۔

گجرنالے سے تجاوزات صاف کرنے کی کارروائی کی جائے گی، تفصیلات کے مطابق پیر کی صبح گجرنالے کے اطراف رہائشیوں نے ٹائر جلا کر کیفے پیالہ کی سڑک بند کردی ، اس موقع پر مشتعل مظاہرین انتظامیہ کیخلاف نعرے بازی کررہے تھے مظاہرین میں ڈنڈا بردار بھی شامل تھے، مظاہرین کا کہنا تھا کہ تجاوزات کے خلاف مہم میں بلدیہ عظمیٰ نے پیشگی مطلع نہیں کیا، بلدیہ عظمیٰ کے محکمہ انسداد تجاوزات کے افسران نے بتایا ہے پیر کو احتجاج کے باعث عملہ اور مشینری تجاوزات مسمار کرنے کیلیے نہیں بھیجے گئے۔

گجرنالے سے تجاوزات کی صفائی ایڈمنسٹریٹر شعیب صدیقی کے حکم پر کی جارہی ہے، مون سون میں برساتی پانی کی نکاسی کیلیے گجرنالے کی صفائی ناگزیر ہے تاہم تجاوزات کی وجہ سے نالے کی صفائی میں شدید رکاوٹ ہے انھوں نے کہا کہ گجرنالے کی اصل چوڑائی70فٹ ہے تاہم تجاوزات کے باعث صرف8 فٹ رہ گئی ہے، اطراف کے رہائشیوں نے گھروں کو وسعت دے کر نالے پر ناجائز تعمیرات کردی ہیں اور بھینسوں کے باڑے قائم کرلیے ہیں۔

افسران نے بتایا کہ گجرنالے پر 34 بند مقامات پر صفائی کیلیے محکمہ انسداد تجاوزات کی مہم جاری رہے گی، پیر کو احتجاج کے باعث کارروائی نہیں کی گئی تاہم منگل کو انہدامی کارروائی دوبارہ شروع کی جائیگی اس ضمن میں ڈپٹی کمنشر وسطی سے درخواست کی گئی ہے کہ مظاہرین پر قابو پانے کیلیے رینجرز کو طلب کیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔