کراچی کے حالات الطاف حسین کی بیان بازی کی وجہ سے خراب ہوتے ہیں، چوہدری نثار

ویب ڈیسک  منگل 4 اگست 2015
الطاف حسین کا کیس سیاسی نہیں عدالتی ہے اسلئے پاکستان اوراس کےاداروں کی عزت نفس پرکوئی آنچ آنےنہیں دیں گے، وزیرداخلہ۔ فوٹو: فائل

الطاف حسین کا کیس سیاسی نہیں عدالتی ہے اسلئے پاکستان اوراس کےاداروں کی عزت نفس پرکوئی آنچ آنےنہیں دیں گے، وزیرداخلہ۔ فوٹو: فائل

راولپنڈی: وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ الطاف حسین کا کیس سیاسی نہیں عدالتی ہے اس لئے پاکستان اور اس کے اداروں کی عزت نفس پر کسی قسم کی آنچ آنے نہیں دیں گے جب کہ کراچی کے حالات ایم کیو ایم کے قائد کی بدزبانی کی وجہ سے خراب ہوتے ہیں۔

راولپنڈی میں پولیس لائن میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کے خلاف منی لانڈرنگ کیس حکومت نے نہیں بنایا اور اس معاملے پر عدالت پاکستان میں نہیں بلکہ برطانیہ میں لگی ہےاس لئے حکومت کو ایم کیو ایم یا الطاف حسین سے کوئی ذاتی عداوت نہیں تاہم وہ اداروں کی تضحیک کرتے ہیں تو بات خراب ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اس کے اداروں کی عزت نفس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا خواہ وہ الطاف حسین ہوں یا کوئی اور، ہرحال میں خود مختارملک اور اس کے اداروں کی عزت نفس بحال رکھی جائے گی، یہ کوئی سیاسی دنگل نہیں اور نہ ہی تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے درمیان کوئی ذاتی جھگڑا بلکہ عدالتی کارروائی ہے اگر اسے سیاسی دنگل بنائیں گے تو برطانیہ میں اس چیز کا منفی اثرپڑتا ہے اس سے کیس پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، امید کرتا ہوں کہ تحریک انصاف اس کا پاس کرے گی اور خوشی ہے کہ پی ٹی آئی نے لندن میں احتجاج ان کے کہنے پر موخرکیا۔

وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کی تقاریر پرقانونی ریفرنس تیار ہورہا ہے اوراس مرتبہ بھیجا جانے والا ریفرنس قانون کے تمام تقاضوں پر پورا اترے گا جس کی تیاری کے لئے پاکستانی قوانین سمیت برطانیہ کے قوانین کو بھی مد نظر رکھا جارہا ہے جس میں صرف قانونی زبان ہی استعمال کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس الطاف حسین، ایم کیو ایم یا کسی اور کے لئے اہمیت کا حامل نہیں بلکہ ہر پاکستانی کے لئے ہے کیوں کہ ایک پاکستانی شہری کا قتل لندن کی سڑکوں پر ہوا اس لئے پاکستانی شہری کو انصاف دلانے کے لئے اسے منطقی انجام تک پہنچائیں گے،عمران فاروق قتل کیس کے کچھ تانےبانےپاکستان میں موجودتھے، جب تک برطانیہ ہمیں شواہد نہیں دے گا معاملہ آگے نہیں بڑھے گا، برطانوی پولیس نے ہمارے تعاون کوسراہتے ہوئے خط لکھا جب کہ سابق حکومت نے اسکاٹ لینڈ یارڈ کے ساتھ تعاون نہیں کیا اور گرفتار ملزمان سے متعلق ہمیشہ انکار کرتی رہی۔

چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ پاکستان کے افسروں اورجوانوں کی قربانیاں تاریخ ساز ہیں لیکن چھوٹی سی غلطی کا مہینوں پوسٹ مارٹم ہوتا رہتا ہے تاہم مجھے یقین ہے کہ پولیس کی کارکردگی کا احساس ہوگا، گزشتہ 2 سال میں پاکستان پولیس نے تاریخ ساز قربانیاں دی ہیں اور پولیس جذبے کے ساتھ سماج دشمنوں کے خلاف برسرپیکار ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔