ویڈیو پوسٹ کرو اور کوچز کی توجہ پاؤ، پی سی بی کا منفرد فیصلہ

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 5 اگست 2015
نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے ویب سائٹ کا اجرا،پلیئرزکو ٹرائلز کیلیے بلایا جائے گا.

نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے ویب سائٹ کا اجرا،پلیئرزکو ٹرائلز کیلیے بلایا جائے گا.

لاہور: ویڈیو پوسٹ کرو، این سی اے کوچز کی توجہ پاؤ، پی سی بی نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لئے ویب سائٹ لانچ کرے گا، کوچز باقاعدگی سے جائزہ لیتے ہوئے باصلاحیت کھلاڑیوں کو ٹرائلز کے لئے بلائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق کچھ عرصہ قبل نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ہیڈ کوچ محمد اکرم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ کئی باصلاحیت کرکٹرز دودراز علاقوں میں مقیم یا مواقع نہ مل پانے کی وجہ سے سلیکٹرز کی توجہ حاصل نہیں کرپاتے،انھیں منظر عام پر آنے کی سہولت فراہم کرینگے۔

غیر ملکی ویب سائٹ کے مطابق پی سی بی نے اس مسئلے کا حل تلاش کرلیا اور جلد ہی ایک ویب سائٹ لانچ کردی جائے گی، کوئی بھی کھلاڑی جو خود کو مسابقتی کرکٹ کا اہل سمجھتا ہے بیٹنگ یا بولنگ کی مہارت پر مشتمل ویڈیو پوسٹ کرسکے گا، وہیں اپنے کیریئر کے بارے میں معلومات دی جاسکیں گی، پی سی بی کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ این سی اے کے کوچز ویڈیوز کا باقاعدگی سے جائزہ لیتے ہوئے نئے باصلاحیت کھلاڑیوں کی فہرست مرتب کرینگے، مستقبل کی کرکٹ کیلیے موزوں سمجھے جانے والوں کو ٹرائلز کیلیے بلایا جائے گا۔

اس سے ریجنز کے کونے کونے سے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کا نیا راستہ میسر آجائے گا، انھوں نے بتایا کہ چیئرمین پی سی بی شہریار خان کا خیال ہے کہ بار بار مختلف علاقوں کے باصلاحیت کرکٹرزکے نظر انداز ہونے اور این سی اے میں تربیت کا موقع نہ ملنے کے قصے دہرائے جاتے ہیں، ویب سائٹ کی مدد سے انھیں صلاحیتوں کے اظہار اور توجہ حاصل کرنے کا ذریعہ حاصل ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔